کراچی چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ مشرف علی راجپوت کا کورنگی، لانڈھی، ملیر اور گلشن کے امتحانی مراکز کااچانک دورہ

کراچی متعدد امیدوار نقل کرتے پائے گئے جس پر ناظم امتحانات کو جوابی کاپی منسوخ کے احکامات جاری

جمعہ 13 جون 2025 20:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تحت DAE (تھرڈ ایئر) کے سالانہ امتحانات 2025 کے دوسرے روز چیئرمین SBTE مشرف علی راجپوت نے بورڈ افسران کے ہمراہ کراچی کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا، کورنگی، لانڈھی، ملیر اور گلشن اقبال کے مراکز شامل تھے۔ دورے کے دوران متعدد امیدواروں کو نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا، جن کی جوابی کاپیاں فوری طور پر منسوخ کرنے کے احکامات ناظم امتحانات کو جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نے کورنگی پاک عسکری کالج، گورنمنٹ گرلز پرائمری اسکول اوجھا کیمپس (گلشن اقبال) اور PSIT لانڈھی کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔PSITلانڈھی امتحانی سینٹر میں پنکھوں اور روشنی کی کمی پر چیئرمین نے سپرنٹنڈنٹ اور پرنسپل کو فوری بہتری کی ہدایات دیں۔ امتحانات کے حوالے سے سندھ کے دیگر اضلاع میں جاری مانیٹرنگ پر ترجمان بورڈ زوہیب احمد خان سے تفصیلی رپورٹ طلب کی گئی۔ چیئرمین نے طلبہ کو فراہم کردہ سہولیات کاجائزہ لیتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ نقل کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ DAE کے سالانہ امتحانات 2025کے لیے سندھ بھر میں 90 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جن میں 16,000 سے زائد طلبہ شریک ہیں۔