Live Updates

ہمک اسلا م آباد میں سوشل سکیورٹی ادارہ کے زیراہتمام نئے میڈیکل سینٹر کا افتتاح

جمعہ 13 جون 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جون2025ء) چیف کمشنر و چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سوشل سکیورٹی ادارہ کے زیراہتمام ہمک میں نئے میڈیکل سینٹر کا افتتاح کیا ۔اس حوالے سے جمعہ کو ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ میڈیکل سینٹر کے لیے اراضی معروف صنعتکار میاں محمد اشرف نے عطیہ کی جبکہ اس کی تعمیر، تزئین و آرائش کا کام محمد نعیم چوہدری سرپرست اعلیٰ ریسٹورنٹس کیٹرز سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن نے اپنی ذاتی حیثیت سے مکمل کرایا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پراجیکٹ کو سماجی خدمت کی ایک روشن مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کارپوریٹ تعاون پر مبنی شراکت داریوں کو فروغ دے کر سوشل سکیورٹی کے دائرہ کار کو وسعت دی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ اسلام آباد میں مزید چار سوشل سکیورٹی میڈیکل سینٹرز کارپوریٹ سیکٹر کے اشتراک سے قائم کیے جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، کمشنر آئی ای ایس ایس آئی رابعہ اورنگزیب، ایڈیشنل کمشنر کامران علی چیمہ اور ریسٹورنٹس، کیٹررز، سویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر چوہدری محمد فاروق بھی موجود تھے۔ اختتام پر مہمانوں نے میڈیکل سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی جدید طبی سہولیات کو سراہا۔ مقررین نے اس منصوبے کو سوشل سکیورٹی ملازمین کے لیے ایک اہم فلاحی اقدام قرار دیا اور اسے نجی و سرکاری اشتراک کی کامیاب مثال قرار دیا۔

صدر ریسٹورنٹس کیٹرز سویٹس اینڈ بیکرز محمد فاروق چوہدری نے کہا کہ صنعتکار اور تاجر مزید بنائے جانے والے چار سوشل سکیورٹی میڈیکل سینٹرز میں بھی اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، یہ صدقہ جاریہ ہے، ہر صاحب حیثیت کو اس میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات