Live Updates

سینیٹر مصدق ملک کی یورپین انسٹیٹیوٹ آف ایشین سٹڈیز کے زیراہتمام منعقدہ موسمیاتی سیمینار میں پاکستان کی نمائندگی

جمعہ 13 جون 2025 20:20

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مصدق ملک نے برسلز میں یورپین انسٹیٹوٹ آف ایشین سٹڈیز کی میزبانی میں منعقدہ موسمیاتی سیمینار میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اپنے کلیدی خطاب میں انہوں نے جنوبی ایشیائی ممالک پر زور دیا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحد ہوں۔

سینیٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن چاہتا ہے اور آبی جارحیت جیسے مسائل کا خاتمہ ناگزیر ہے۔انہوں نے 2022ئ کے تباہ کن سیلاب کو عالمی برادری کے لیے ویک اپ کال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان موسمی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مالی اعانت کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ایک جامع فریم ورک کا خاکہ پیش کیا جس میں گرین انڈسٹریل کلسٹرز کی ترقی، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری، قدرتی آفات سے نمٹنے والے سماجی تحفظ کے نظام کا قیام، فطرت پر مبنی حل اور جدید گرین ٹیکنالوجیز کی منتقلی شامل ہیں۔ سیمینار میں موسمیاتی تبدیلی کے ماہرین، پالیسی سازوں اور ترقیاتی شراکت داروں نے شرکت کی جو جنوبی ایشیا میں ایک پائیدار اور جامع مستقبل کے فروغ کے لیے پرعزم تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات