Live Updates

سیدناعثمان غنیؓکا یوم شہادت سرکاری سطح پر منایاجائے، مفتی زبیر ہزاروی

حضرت عثمان غنی ؓ کی حیات و کردار امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں، بے مثال سخاوت، حیاء، تقویٰ اور خلوص کی مثال تاریخ میں کم ہی ملتی ہے

جمعہ 13 جون 2025 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء) مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی کے امیر صاحبزادہ مفتی محمد زبیر صدیقی ہزاروی نے حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ 18 ذوالحجہ کو ''یومِ سیدنا عثمان غنیؓ'' کے طور پر سرکاری سطح پر منایا جائے تاکہ امت مسلمہ خصوصاً نوجوان نسل کو حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کی عظیم سیرت، خدمات اور قربانیوں سے آگاہی حاصل ہو اور وہ اپنی زندگیوں میں ان کی تعلیمات کو اپنانے کی ترغیب پائیں۔

وہ مرکزی جماعت اہلسنّت کراچی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس سے نائب امراء پیر سید فاروق حیدر شاہ ہمدانی، سید ریاض علی اشرفی، ناظمِ اعلیٰ علامہ فیاض نقشبندی، نائب ناظمِ اعلیٰ علامہ فرحان شاہ نعیمی، ناظمِ نشر و اشاعت علامہ غلام غوث گولڑوی، شیر محمد نورانی، ملک سعید اختر،ضلعی رہنماؤں علامہ ساجد لغاری، علامہ اکبر الحق شاہ، قاضی عبد الرسول، قاری شمیم، علامہ فیصل نورانی، علامہ سراج مہروی ، شفیق اعوان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مفتی محمدزبیر ہزاروی نے کہا کہ حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی حیات و کردار امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہے اور ان کی بے مثال سخاوت، حیاء، تقویٰ اور خلوص کی مثال تاریخ اسلام میں کم ہی ملتی ہے۔ نبی کریم ﷺ کی دو بیٹیوں سے نکاح اور ''ذوالنورین'' کا لقب ان کی فضیلت اور قربتِ نبوی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں امت کو خلفائے راشدین خصوصاً حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی سیرت سے رہنمائی کی اشد ضرورت ہے تاکہ امت اندرونی فتنوں اور انتشار سے بچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان کی مظلومانہ شہادت اسلامی تاریخ کے پہلے بڑے داخلی سانحہ کی صورت میں سامنے آئی اور یہ قربانی امت کے لیے ایک عبرت اور بیداری کا پیغام ہے۔ مفتی محمد زبیر صدیقی نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر 18 ذوالحجہ کو قومی سطح پر ''یومِ سیدنا عثمان غنیؓ'' کے طور پر منانے کے لیے اقدامات کرے تاکہ دینی و اخلاقی تربیت کے فروغ میں مدد ملے اور نوجوان نسل کو اپنے حقیقی ہیروز سے روشناس کرایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس دن ملک بھر میں خصوصی پروگرامز، تعلیمی سیشنز، تقریبات اور میڈیا پر دستاویزی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے تاکہ امت کو خلفائے راشدین خصوصاً حضرت عثمان غنیؓ کی خدمات اور سیرت کی اہمیت سے آگاہی حاصل ہو۔ اس موقع پر علماء، دینی رہنماؤں اور مختلف مذہبی و سماجی اداروں نے بھی اس مطالبے کی حمایت کی ہے اور حکومت سے جلد عملی اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ امت مسلمہ اپنی تاریخ، ثقافت اور دینی شناخت کو مضبوط کر سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات