ٹاونز کو واپس کردہ پینشن کیسز پر میونسپل کمشنرز کی منظوری لیکر تاحال کیسز واپس کے ایم سی کو نہیں بھیجے گئے

لیاری ٹاون کے ریٹائر ملازمین کے 132 کیسز تاحال کے ایم سی میں ابتدائی طور پر جمع ہی نہیں کروائے گئے سید ذوالفقارشاہ کی فنانشل ایڈوائزر،ڈائریکٹر ویلفیئر کیایم سی سے ملاقاتیں ریٹائر ملازمین کے مسائل سے آگاہ کیا

جمعہ 13 جون 2025 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)سجن یونین سی بی اے کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات اور توہین عدالت کے نوٹس کے اجرا کے باوجود کراچی کے اکثر ٹاونز نے کے ایم سی انٹرنل آڈٹ سے پینشن فکسیشن کے بعد میونسپل کمشنرز اور چیف اکاوٹنس آفیسرز کی منظوری وتصدیق کے بعد کے ایم سی کو کیسز واپس نہیں کیے جس سے ریٹائر ملازمین میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔

کیونکہ یہ ٹی ایم سیز ریٹائر ملازمین دوسال اور اس سے زائد عرصے سے پینشن اور پینشنری واجبات کی ادائیگی سے محروم ہیں جبکہ لیاری ٹاون کراچی کا واحد ٹاون ہے کہ جس نے اکتوبر 2023 کے بعداور اس سے قبل ریٹائر ووفات پاجانے والے 132ملازمین کے پینشن کیسزابتدائی طور پر بھی کے ایم سی کے محکمہ انٹرنل آڈٹ کو نہیں بھیجے جس سے اس ٹاون کے ریٹائر ووفات پاجانے والے ملازمین کی بیواوں میں بے چینی و بے یقینی کی کیفیت پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

سجن یونین کے صدر سید ذوالفقارشاہ نے پینشنرز اور ٹی ایم سیز کے ریٹائرملازمین کے پینشن کیسز کی پیش رفت کے سلسلے میں فنانشل ایڈوائزر کے ایم سی گلزار علی،ڈائریکٹر ویلفیئر کے ایم سی محمود بیگ سے ملاقات کی۔انہوں نے بتایا کہ 1300 سے زائد ریٹائر ٹی ایم سیز ملازمین کے پینشن کیسز مکمل ہونے کے بعد متعلقہ ٹی ایم سیز کو بھیج دیئے گئے ہیں۔جبکہ لیاری ٹاون نے 132 ریٹائر ملازمین و بیواو ں کے کیسز تاحال کے ایم سی انٹرنل آڈٹ کو جمع نہیں کروائے ہیں۔

جبکہ اس ماہ ترتیب کے لحاظ سے جون 2018 کے ریٹائر ووفات یافتہ ملازمین کی بیواوں کو 7 کروڑ 38 لاکھ کی ادائیگیاں کی جارہی ہیں۔فنانشل ایڈوائزر نے انہیں عدالتی احکامات کے تحت فائنل کردہ ٹی ایم سیز کے 1300 ملازمین کوپینشن کی ادائیگی کے لیے فنانس ڈیپارٹمنٹ سے فنڈ کی فراہمی کیلئے کوشش کرنے پر زور دیا۔اس موقع پر یونین رہنما عباس احمد بھی ہمراہ تھے۔