Live Updates

پی ٹی آئی کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

ملک کو اگر بحرانوں سے نکالنا ہے تو ضروری ہے وزیراعظم بانی پی ٹی آئی ہوں،پاکستان ٹریڈ ڈیفیسٹ میں ہے، امپورٹس بڑھتی جا رہی ہیں ،ایکسپورٹس میں اضافہ نہیں ہو رہا، عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم ودیگر کی پریس کانفرنس

جمعہ 13 جون 2025 22:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)پی ٹی آئی نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو اگر بحرانوں سے نکالنا ہے تو ضروری ہے وزیراعظم بانی پی ٹی آئی ہوں،پاکستان ٹریڈ ڈیفیسٹ میں ہے، امپورٹس بڑھتی جا رہی ہیں ،ایکسپورٹس میں اضافہ نہیں ہو رہا۔پی ٹی آئی رہنمائو اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، شیخ وقاص اکرم، عارف مبین جٹ اور دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اسرائیل کے ایران پر حملہ کی مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ حملہ پوری امہ پر حملہ سمجھا جانا چاہئے، حملہ خطے کے امن کو تباہ کرنے کے مترادف ہے،تحریک انصاف ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے لئے صرف 55 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، وفاقی رجیم خیبرپختونخوا کے عوام سے بدلا لے رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو دعائیں دیں جنہوں نے روشن ڈیجیٹل متعارف کروایا ، اس کی وجہ سے ابھی بھی پاکستان میں پیسہ آ رہا ہے، ملک تب ترقی کرے گا جب آئین اور قانون کی پاسداری ہو گی، ہمارے تمام اسیران کو رہا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جتنی اشیا خورونوش کی قیمتیں ہیں وہ تقریبا سو فیصد سے دوسو فیصد پچھلے تین برسوں میں بڑھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹریڈ ڈیفیسٹ میں ہے، امپورٹس بڑھتی جا رہی ہیں لیکن ایکسپورٹس میں اضافہ نہیں ہو رہا، انہوں نے ہر چھوٹی چیز پر ادارہ بنا دیا ہے، پاکستان کی لائیوسٹاک، زراعت کا 63 فیصد حصہ ہے، شہد ، دودھ اور دیگر چیزیں لائیو سٹاک میں آ جاتی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان صرف مڈل ایسٹ کی حد تک گوشت ایکسپورٹ کر رہا ہے، یہ لوگ ٹریڈ پروموٹ کرنے کے حق میں ہی نہیں ہیں، ان کو یہ عادت ہی نہیں کہ سنت پر عمل کر کے تجارت کو فروغ دیں۔انہوں نے کہا کہ بیف کی قیمت تین تین ہزار روپے ہے دوسرے ممالک میں ، ہم صرف 1700-1800 دینے والے ممالک میں گوشت بھیج رہے ہیں، پاکستان میں ٹوٹل 4 کمپنیاں تھیں جو فیومیگیشن کر سکتی تھیں، وہ چاروں ایک ہی ایڈریس پر رجسٹرڈ تھیں اور اربوں روپے کما رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فوڈ اینڈ سکیورٹی منسٹری نے باہر کے ممالک کوخط لکھا، خط میں ان کا کہنا تھا کہ آپ کے پروڈکٹس کی ہم فیومییگیشن کریں گے بیشک پہلے سے بھی ہوئی ہو، صرف ان چار اداروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے یہ کام کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو اگر بحرانوں سے نکالنا ہے تو ضروری ہے وزیراعظم بانی پی ٹی آئی ہوں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات