Live Updates

سول سروسز اکیڈمی لاہور کے 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران کی ڈپٹی کمشنر آفس مظفر آباد آمد

ہفتہ 14 جون 2025 17:41

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر مظفر آباد ندیم احمد جنجوعہ نے سول سروسز اکیڈمی لاہور کے 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران کا ڈپٹی کمشنر آفس آمد پر استقبال کیا اور وفد کو نیلم کے انتظامی ڈھانچے، سیاحتی و ہائیڈل پوٹینشل، ثقافت، جغرافیائی ہیئت، نیلم کو درپیش مسائل اورقدرتی آفات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ نے کہا کہ وادی نیلم میں سیاحت کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے، ضلع نیلم سے اگلے عشرے تک 2 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی نیشنل گرڈ اسٹیشن کا حصہ بنے گی، سیاحوں کو سفری و دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت نے شاہراہ نیلم کی تعمیر سمیت ضلع بھر میں طبی مراکز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران سیاحوں کی مدد کیلیے ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے، ہمیں عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہو گا، افسران ملک و ملت کی مضبوطی کے لیے نیک نیتی کے ساتھ خدمات سرانجام دیں،نیلم کے عوام معاشی طور پر ملازمت، سیاحت اور لائیوسٹاک پر انحصار کرتے ہیں۔ 14رکنی وفد کو بریفننگ دیتے ہوئے ڈی سی کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد کشمیر نے کثیر بجٹ لگا کر شاہراہ نیلم کی تعمیر یقینی بنائی ہے، ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر بالائی وادی میں صحت کی سہولیات کے لیے پاک آرمی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے ڈاکٹرز ادویات پہنچائی، حکومت ضلع نیلم کے دشوار گزار علاقوں میں فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹرز کو تین گناہ تنخواہ ادا کر رہی ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات