وزیراعلیٰ پنجاب سمرگیمزکے کھلاڑیوں کو کھانے کیلئے مشکلات کا سامنا

ہفتہ 14 جون 2025 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سمرگیمزکے کھلاڑیوں کو کھانے کیلیے مشکلات کا سامنا ہے،نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں کھانے کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے۔لاہور کے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کی قریبی بستی میں وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز میں حصہ لینے والے کھلاڑی کھانا کھانے کے لیے آتے ہیں کیونکہ انہیں کمپلیکس میں کھانے کی سہولت میسر نہیں۔

مقابلے کے بعد وہ سخت گرم موسم میں کھانے کی تلاش میں نکل پڑتے ہیں اور انہیں قریب ہی ایسے غیر معیاری اور ناقص کھانے میسر ہوتے ہیں، لڑکیاں گروپس کی شکل میں سڑکیں عبور کرتی ہوئی لبرٹی مارکیٹ جاتی ہیں، ہر کھلاڑی کو کھانے کیلیے 15 سو روپے ڈیلی الاؤنس ملتا ہے۔کھلاڑیوں کے مطابق ماضی میں بھی ڈیلی الاؤنس ملتا تھا اب بھی اس میں کوتاہی نہیں ہے، گرم موسم کی وجہ سے کھانے کی تلاش کیلیے کمپلیکس سے باہر جانا دشوار ہوتا ہے، ساری انرجی میدان میں لگ جاتی ہے اور پھر شدید تپش میں کھانے کیلئے پیدل جانا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قریبی جگہ پر کھانا نہ ہونے اور غیر معیاری ہونے کی وجہ سے کھلاڑی بیمار بھی ہوئے۔ انہوں نے کہاک نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں اس گرم موسم میں کھانے کا انتظام ہونا چاہیے، مختلف اسٹال ہوں اور کھلاڑی وہاں سے 3 ٹائم کا کھانا خرید لیں، کھلاڑیوں کیلئے آسانی پیدا کرنی چاہیے تاکہ کھیل پر زیادہ فوکس ہو۔اسپورٹس بورڈ پنجاب نے کہا کہ ماضی سے گیمز کے دوران ڈیلی الاؤنس دینے کی روایت ہے، ڈیلی الاؤنس ایڈوانس دیا جاتا ہے، کھلاڑی کھانے کا انتظام خود کرتے ہیں۔