Live Updates

پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کی تمام تر بھارتی کوششیں ناکام

ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ کی بجائے رپورٹنگ پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 14 جون 2025 17:47

پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں شامل کرانے کی تمام تر بھارتی کوششیں ناکام
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون 2025ء ) بھارت کو ایف اے ٹی ایف میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جہاں پاکستان عالمی اعتماد کے ساتھ کامیاب ہوگیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کے سفارتی وفد کی بھرپور کوشش رہی کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کے اجلاس میں ایک بار پھر گرے لسٹ میں شامل کرایا جائے، تاہم آج ہونے والے ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی بجائے رپورٹنگ پر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، ایف اے ٹی ایف فیصلے کے بعد بھارت اپنے مقاصد حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، اجلاس کے دوران چین نے پاکستان کے حق میں واضح مؤقف اختیار کیا اور ریلیف کی حمایت کی، ترکی اور چاپان کی جانب سے بھی پاکستان کی مکمل حمایت کی گئی۔

ذرائع نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے بعد بھارت نے پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کیں، پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ پیش پیش رہی، ’’را‘‘ نے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے نئی دہلی میں ایک ڈس انفو لیب بھی قائم کی، اس ڈس انفو لیب کا مقصد پاکستان کے حوالے سے بین الاقوامی دنیا کو گمراہ کرنا ہے، اس ڈس انفو لیب کے ذریعے پاکستان کے خلاف جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع کی جانب سے کہا گیا کہ بھارتی حکومت کے سفارتی وفود دنیا کے مختلف ممالک گئے اور ہر جگہ پاکستان کے خلاف زہر افشانی کی گئی، دنیا کے کسی بھی ملک نے بھارت کے سفارتی وفد کے بیانیے کو پذیرائی نہیں دی، بھارت اسرائیل کی مدد سے ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے کی بھرپور کوشش کر رہا تھا، تاہم ایف اے ٹی ایف کے رکن ممالک نے بھارت کے منفی پروپیگنڈے کو نظر انداز کیا۔

سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہ کرنا ایک بڑی کامیابی ہے، آپریشن بنیان مرصوص کے بعد سے پاکستان کی سفارتی پوزیشن مسلسل مضبوط ہو رہی ہے، ہندوتوا اور صہیونی لابی کی مشترکہ کوششیں بھی پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کروانے میں ناکام رہیں، یہ پاکستان کی سفارتی محاذ پر ایک اور کامیابی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات