Live Updates
ایران کا اسرائیل پر جوابی وار، رات بھر حملے، کئی عمارتیں تباہ، خاتون سمیت 5 اسرائیلی ہلاک، 170 زخمی
ہفتہ 14 جون 2025
22:27
تہران /مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)ایران نے جوابی کارروائی وعدہ صادق 3 کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل حملے کر دیے، گزشتہ رات سے جاری حملوں میں اسرائیل کی کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں ،ان حملوں کے نتیجے میں خاتون سمیت 5 اسرائیلی شہری ہلاک اور 170 سے زائد زخمی ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کا سلسلہ رات بھر جاری رہا، اور 150 سے زائد ہائیپر سانک اور بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔
ایران کی جانب سے تل ابیب میں اسرائیلی جوہری تحقیقی مرکز اور اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے ہیڈکوارٹرز پر بھی میزائل حملہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ایران کے حملوں میں 7 فوجیوں سمیت تقریباً 80 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جن میں سے ایک خاتون سمیت 5 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے، باقی افراد کو معمولی سے درمیانے درجے کے زخم آئے یا انہیں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، درجنوں افراد تاحال زیر علاج ہیںجبکہ کچھ زخمیوں کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔
(جاری ہے)
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے حکام نے 3 ہلاکتوں اور 170 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق کئی میزائل وسطی اسرائیل میں گرے، جن میں تل ابیب کے علاقے میں بڑے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور کئی مقامات پر دھواں اٹھتا دیکھا گیا، اسرائیلی حکومت کے مطابق فضائی دفاعی میں خرابی پیدا ہوگئی تھی، جسے اب دور کرلیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ حملوں میں اشددود، تل ابیب، حیفہ اور بیرشیبا میں اسٹریٹیجک اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کئی میزائل اور ڈرون تل ابیب تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ، میزائل حملے آغاز ہیں، اسرائیل کا کوئی حصہ بھی محفوظ نہیں رہے گا۔اس سے قبل، ایران نے ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل پر چوتھا حملہ کیا جس میں ایک میزائل تل ابیب کے عین وسط میں ہدف پر آکر گرا، تاہم اسرائیل نے ایران کی جانب سے داغے گئے زیادہ تر میزائل دفاعی نظام کے ذریعے فضا ہی میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل تل ابیب میں گرے ہیں۔دوسری جانب، اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کو روکنے کے لیے دفاعی نظام متحرک ہے، تمام شہریوں کو پناہ گاہوں کی طرف جانے کا حکم دیا گیا ہے،علاہ ازیں اسرائیلی فوج نے ایرانی حملوں سے تباہی کی فوٹیج بنانے پر پابندی عائد کر دی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق نئے ایرانی حملے میں تل ابیب میں 50 منزلہ عمارت کو نقصان پہنچا جب کہ اسرائیلی حکام نے شہریوں کو دوبارہ بنکرز میں جانے کی ہدایت کردی۔
خبر رساں ادارے نے ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اسرائیل کے ایران پر اب تک کے سب سے بڑے حملوں کے بدلے میں سیکڑوں بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی افواج کے ترجمان نے بتایا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل کی طرف میزائلوں کی چوتھی لہر داغی گئی ہے۔
بیان میں کہا کہ تھوڑی دیر پہلے صہیونی فوج نے ایران سے اسرائیل کی سرزمین کی طرف داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کی ہے، مزید کہا کہ عوام کو محفوظ پناہ گاہوں میں داخل ہونا چاہیے اور اگلی اطلاع تک وہاں رہنا چاہیے۔اسرائیلی پولیس کے ترجمان کے مطابق اسرائیل پر ایرانی میزائل حملوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس ترجمان نے کہا کہ ایرانی میزائل تل ابیب کے اندر ایک کمیونٹی پر گرا ہے، لیکن تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ترجمان نے بتایا کہ اس مرحلے پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، تاہم املاک کو نقصان پہنچا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اسرائیل کی ہنگامی خدمات کے سربراہ ایلی بن نے بتایا کہ ایران کی طرف سے کیے گئے حملے کے نتیجے میں 7 افراد معمولی زخمی ہوئے۔
ادھر مہر نیوز نے رپورٹ کیا کہ ایران نے ملک کے رہائشی اور فوجی علاقوں پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔میڈیا نے اسرائیلی میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی حملوں میں اب تک 63 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔سر کاری ایرانی میڈیا کے مطابق کے مطابق اسرائیل کے خلاف ایران نے فیصلہ کن جوابی کارروائی وعدہ صادق 3’ کے نام سے شروع کر دی۔
ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات