سندھ حکومت نے 596 اقلیتی طلبہ میں اسکالرشپ چیکس تقسیم کر دیے

تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، محکمہ دوبارہ اسکالرشپ فراہم کرنے کا عمل شروع کر چکا ہے، ڈاکٹر لالچند اکرانی سندھ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی کے اجلاس میں ممبران نے اسکالرشپ کی رقم 25 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے کی سفارش کی تھی، جسے منظور کر لیا گیا

ہفتہ 14 جون 2025 20:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء) سندھ حکومت کے محکمہ برائے اقلیتی امور کی جانب سے سیکریٹری کے دفتر میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے طلبہ میں اسکالرشپ چیکس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر 596 طلبہ کو فی طالب علم 50 ہزار روپے کے چیکس تقسیم کیے گئے۔ وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور و صدر پی پی پی منارٹی ونگ سندھ ڈاکٹر لالچند اکرانی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اس کے علاوہ وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق راجویر سنگھ سوڈھو، ایم پی اے شام سندر کے آڈوانی، ایم پی اے انیل کمار رتنانی، اقلیتی امور کی سیکریٹری انجم اقبال جمانی اور ڈائریکٹر اسلم کھوسو بھی شریک ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر لالچند اکرانی نے کہا کہ میں اسکالرشپ حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

اقلیتی امور کا محکمہ دو سال کے وقفے کے بعد دوبارہ اسکالرشپ دینے کا عمل شروع کر چکا ہے۔ سندھ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی کے اجلاس میں ممبران نے اسکالرشپ کی رقم 25 ہزار روپے سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے کی سفارش کی تھی، جسے منظور کر لیا گیا ہے۔ اس مہنگائی کے دور میں یہ مالی مدد طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے میں سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت اقلیتی برادری کو مکمل حقوق دے رہی ہے، جس کی ایک مثال یہ اسکالرشپ ہے۔

اس کے علاوہ محکمہ اقلیتی امور مختلف اسکیمیں بھی چلاتا ہے جن میں مذہبی تہواروں، شادی، صحت، اور قدرتی آفات یا حادثات کے وقت مالی امداد شامل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی امور کے سیکریٹری انجم اقبال جمانی نے کہا کہ ہمیں مختلف تعلیمی اداروں سے 645 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 594 طلبہ کو اسکالرشپ کے لیے اہل قرار دیا گیا۔ آج کی تقریب میں ان طلبہ کو چیکس فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان طلبہ کی محنت اور لگن کو دیکھ کر یقین ہے کہ وہ اپنی تعلیم مکمل کر کے اقلیتی برادری کا نام روشن کریں گے۔ محکمہ اقلیتی امور روزانہ کی بنیاد پر اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہا ہے۔ اقلیتی برادری کا ہر فرد ملک کا برابر کا شہری ہے۔