Live Updates

ایف بی آر نے اسلام آباد میں بے نامی جائیدادیں ضبط کرلیں

بے نامی لین دین ممنوعہ ایکٹ 2017 کے تحت ضبط ،پلاٹس حکومت پاکستان کے نام منتقل کر دیئے گئے ہیں، ایف بی آر

ہفتہ 14 جون 2025 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2025ء)ایف بی آر کے کمشنریٹ برائے انسداد بے نامی اقدام اسلام آباد نے دو بے نامی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر لیں۔ایف بی آر نے بتایا کہ کمشنریٹ برائے انسداد بے نامی اقدام اسلام آباد نے پہلی باربے نامی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کی ہیں، ضبط کی جانے والی دونوں جائیدادیں پاکستان ایمپلائز کوآپریٹو ہاسنگ سوسائٹی اسلام آباد میں واقع ہیں۔

اعلامئے میں بتایا گیا ہے کہ بے نامی لین دین ممنوعہ ایکٹ 2017ء کے تحت ضبط کئے گئے پلاٹس حکومت پاکستان کے نام منتقل کر دیے گئے ہیں، مذکورہ جائیدادوں کی ممکنہ بے نامی ملکیت کی نشان دہی پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ایف بی آر نے کہا ہے کہ تفتیش کے دوران ممکنہ بے نامی دار خاتون نے بتایا کہ اس کا قومی شناختی کارڈ ان پلاٹوں کی رجسٹریشن کے لیے غلط طو ر پر استعمال کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا کہ مکمل تحقیقات اور بے نامی عدالتی اتھارٹی بینچ ون اسلام آباد کے حکم پر تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے جائیدادیں ضبط کی گئیں، بے نامی جائیدادوں کی ضبطی حکومت کی بے نامی اثاثوں کے خلاف جاری سخت کارروائیوں سے ہم آہنگ ہے۔ایف بی آر نے بتایا کہ اب تک شیئرز، بینک اکانٹس، گاڑیوں، زمینوں اورعمارتوں پر مشتمل بے نامی اثاثہ جات کے 187 سے زائد مقدمات دائر کیے جا چکے ہیں، بے نامی پلاٹوں کی ضبطی حکومت کی بے نامی لین دین کے خاتمے اور غیر دستاویزی معاشی سرگرمیوں پر قابو پانے کی مہم میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات