بلوچستان میں احساس محرومی شدت اختیار کررہا ہے ، سیاسی کارکنوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، ہر طبقہ فکر کے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں ، ہینڈری بلوچ ایک باکردار سیاسی کارکن تھا جس کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں ، نیشنل پارٹی

ہفتہ 14 جون 2025 22:40

Aکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2025ء)نیشنل پارٹی کے رہنما سابق ایم پی اے ہینڈری بلوچ کی برسی کے موقع پر نیشنل پارٹی کے زیراہتمام جلسہ منعقد ہوا جلسہ سے نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اسلم بلوچ ، مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ ، صوبائی جنرل سیکریٹری چنگیز حئی بلوچ حاجی عطامحمد بنگلزئی چہرمین اسلم جتک،سعدیہ بادینی ، انیل غوری،سائرہ بتول ، ڈاکٹر طارق شازین اور ریاض زہری نے خطاب کیا، مقررین نے کہا کہ بڑی سیاسی جماعتوں نے سمجھوتہ کرکے غیر جمہوری قوتوں کو کھلی چھوٹ دی اس لیے پارلیمنٹ ، عدالت ، اور الیکشن کمیشن جیسے اہم اداروں کی افادیت ختم ہوگئی اس لیئے بلوچستان میں اس وقت احساس محرومی شدت کے ساتھ پائی جارہی ہے ، بلوچستان کے وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کے لیئے کوئی کسر نہیں چھوڑا جارہا ہے جس سے بلوچستان میں غربت افلاس اور بیروزگاری میں شدید اضافہ ہوا ہے ، مقررین نے کہا کہ ان حالات میں سیاسی کارکنوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں کہ وہ عوام میں شعور بیدار کرکے انہیں منظم و متحرک کریں مقررین نے ہینڈری بلوچ کی مستقل مزاجی پر انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایماندار اور باکردار سیاسی کارکن تھے ان کی قربانیوں پر ہم انہیں سلام پیش کرتے ہیں ۔