/اٹک ، محرم الحرام میں امن و امان کا قیام برقرار رکھنے کیلئے امام بارگاہوں پر رضاکارانہ ڈیوٹیاں دینے والوں کا انتہائی اہم کردار ہوتا ہے،اے ٹی ایس انچارج

اتوار 15 جون 2025 19:40

ٌاٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2025ء) محرم الحرام1447ھ میں امن و امان کا قیام برقرار رکھنے کیلئے امام بارگاہوں پر رضاکارانہ ڈیوٹیاں دینے والوں کا انتہائی اہم کردار ہوتا ہے،مجالس اور جلوسوں کی آمدورفت کیلئے پولیس کی معاونت رضا کاروں کی مدد میں اہمیت کی حامل ہے،تا کہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے،ضلع اٹک میں بھائی چارے کی فضاء ہمیشہ قائم رہی ہے مگر پھر بھی ہمیں اپنے دشمن کے مذموم عزائم پر نظر رکھنی ہے،ان خیالات کا اظہار ڈی پی او آفس اٹک میںسپیشل برانچ راولپنڈی کے ایکسپولزیو ڈیٹکشن سیکشن(اے ٹی ایس) کے انچارج حافظ طارق نے اجلاس میں موجود امام بارگاہوں کے رضاکاران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے،اس موقع پر ایلیٹ فورس کے محمد طارق،سیکیورٹی برانچ اٹک کے فیصل،سپیشل برانچ اٹک کے صفی اللہ،امام بارگاہ پنجتنی اٹک شہر کے ہیڈ رضا کارسید کرار حسین رضوی،سید زین ا لعا بد ین ، سید ذکی زیدی،قمر عباس جعفری،رئیس بلوچ،شاہد علی شاہ،سپاہ عباس اٹک کینٹ کے بانی سپریم سپاہ عباس،سید اصغر عباس نقوی،ناطق شاہ آف بھٹیوٹ،عامر علی شاہ،سید عباس حیدرآف اکھوڑی اور تحسین خان آف اکھوڑی بھی موجود تھے، ایکسپولزیو ڈیٹکشن سیکشن(اے ٹی ایس) کے انچارج حافظ طارق نے موجود امام بارگاہوں کے رضا کاروں سے کہا کہ میٹل ڈیٹیکٹر ز اور واک تھرو گیٹس کی اہمیت اپنی جگہ ہے لیکن اس کے درست استعمال کے بارے میں بھی رضا کاروں کو بتانا انتہائی ضروری ہے جبکہ سب سے زیادہ اہمیت ہاتھوں کے ذریعے باڈی کو سرچ کرنا ہے جو کہ انتہائی ضروری اقدام ہے،اس موقع پر اجلاس میں حافظ طارق نے اپنے عملے کو ہدایت دی کہ اس کا عمل مظاہرہ کر کے رضاکاروں کو دکھائیں،جس پر محمد طارق اور دیگر اہلکاروں نے امام بارگاہوں کے رضا کاران میں سے چند رضاکاروں کو عملی طریقہ کار سے میٹل ڈیٹیکٹر اور ہاتھوں سے کی جانے والی تلاشی کے اہم نقاط کو دوسرے رضا کاروں پر اجاگر کیا ہے تا کہ سب رضا کار اس عمل کو یقینی بنائیں۔