کوئٹہ میں پیٹرول کا کوئی بحران نہیں، افواہیں ایرانی پیٹرول کے اسمگلرز پھیلارہے ہیں، ترجمان بلوچستان حکومت

اتوار 15 جون 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں پیٹرول کا کوئی بحران نہیں، ایسی افواہیں ایرانی پیٹرول کے کاروبار سے وابستہ اسمگلرز کی جانب سے پھیلائی جارہی ہیں ، ایرانی پیٹرول پمپ سنگین سکیورٹی خطرات اور حادثات کا موجب ہیں ، ایک ماہ کے دوران اٹھائیس جگہ ایرانی پیٹرول پمپ میں حادثات پیش آئے ہیں جس سے عوام کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری ایک بیان میں کیا۔ ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ ائیر پورٹ روڑ اور ہزار گنجی سمیت مختلف مقامات پر ایسے حادثات رونما ہوئے ہیں ، ایرانی پیٹرول اور اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے ،دراصل پیٹرول بحران کا تاثر پیدا کرکے ایرانی پیٹرول چھوڑنے کا مطالبہ اسمگلرز کی جانب سے کیا جاررہا ہے جو قطعی قانونی جواز نہیں ۔

(جاری ہے)

شاہد رند نے کہا کہ قانونی پیٹرول کی دستیابی کے لیے پیٹرول پمپس کو پابند کیا جارہا ہے ، پیٹرول پمپس کی اسٹوریج چیک کرکے قانونی پیٹرول کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ، قانونی پیٹرول کی عدم دستیابی سے متعلق شکایات ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں دی جاسکتی ہے ، کوئی بھی پیٹرول پمپ پیٹرول دینے سے حیل و حجت کرے گا تو کارروائی ہوگی ۔ ترجمان نے کہا کہ عوام مطمئن رہیں قانونی طریقہ کار کے تحت شہریوں کو پیٹرول کی فراہمی جاری رہے گی اور عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔