لاسٹ اینڈ فائونڈ سیل نے مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کے گمشدہ سامان کے4ہزار سے زائد کیسز کامیابی سے نمٹائے،اعجاز احمد میمن

اتوار 15 جون 2025 20:20

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) حجاج کرام کے حجاز مقدس میں گمشدہ سامان کی تلاش اور حوالگی کے حوالے سے قائم سیل ''لاسٹ اینڈ فائونڈ سیل'' نے حجاج کرام کی4,193 شکایات کو کامیابی سے نمٹایا جبکہ مزید 37 شکایات پر تیزی سے کام جاری ہے توقع ہے کہ انہیں بھی جلد نمٹا دیا جائے گا۔ لاسٹ اینڈ فانڈ سیل کے انچارج اعجاز احمد میمن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان تفصیلات کا تبادلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سیل دن رات کام کر رہا ہے اور دو شفٹوں (صبح اور رات) میں انتہائی محنتی ٹیمیں مامورہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس ایک ڈیجیٹل نظام موجود ہے جو گمشدہ سامان اور اشیا ملنے پر ان کے مالکان تک پہنچانے میں مدد دیتا ہے۔ ٹیم کی رکن آمنہ کمال نے ڈیجیٹل نظام کے استعمال کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس کی مدد سے نہ صرف گمشدہ اشیا بلکہ ان کے مالکان کا بھی پتہ لگایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم قیمتی اشیا جیسے کرنسی اور موبائل فونز بھی حجاج کے رہائشی مقامات تک پہنچا چکے ہیں۔ آمنہ کمال نے تمام پاکستانی حجاج سے اپیل کی کہ وہ اپنے سامان پر لیبل لگانا یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر بیگ پر لیبل ضرور لگا ہونے سے گمشدہ اشیا کی شناخت اور واپسی آسان ہو جاتی ہے۔ اعجاز میمن نے ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستانی حجاج کی سہولت اور آرام کے لیے24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ حج کے دوران گمشدہ سامان کے مسائل کے تیزی سے حل اور قیمتی سامان کی محفوظ واپسی میں''لاسٹ اینڈ فائونڈ سیل'' اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :