پاک-سعودی معاہدے کے بعد گریٹر اسرائیل کا منصوبہ خاک میں مل گیا، طاہر اشرفی

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جو بار بار پاکستان کا نام لیتا تھا، پاک - سعودی دفاعی معاہدے کے بعد اسے سانپ سونگھ گیا ہے، میڈیا سے گفتگو

اتوار 21 ستمبر 2025 17:15

پاک-سعودی معاہدے کے بعد گریٹر اسرائیل کا منصوبہ خاک میں مل گیا، طاہر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے کے بعد اسرائیل کا گریٹر اسرائیل کا منصوبہ خاک میں مل گیا ہے ، کل کئی ممالک آزاد فلسطین ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ پاک-سعودی عرب معاہدہ پورے عالم میں امن کا ضامن بنے گا جبکہ بہت سارے اسلامی و عرب ممالک پاکستانی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دفاعی معاہدہ سے سب سے پہلے گریٹر اسرائیل کا خواب زمیں بوس ہوگیا ہے، قطر کے بعد دنیائے اسلام سوچ رہی اپنے فیصلہ خود کرنے ہیں۔چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ کل کئی ممالک آزاد فلسطین ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جو بار بار پاکستان کا نام لیتا تھا، پاک - سعودی دفاعی معاہدے کے بعد اسے سانپ سونگھ گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہم افغانستان کو روس سے آزادی دلا سکتے ہیں تو اپنے دفاع کی بھی جنگ لڑ سکتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ افغان بھائیوں کے لیے پاکستان نے بے شمار قربانیاں د یں اگر اس سرزمین سے کوئی ہمارے لوگوں کو شہید کرتا ہے تو کیا جائز ہے، کبھی کسی پاکستانی نے افغانستان میں کسی کا خون بہایا ہو تو دکھاؤ۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے مضبوط ملک ہے، معرکہ حق میں پاک افواج نے بھارت کو شکست دی جب کہ افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوارکی مانند کھڑی ہے