چین کی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کا پنجا ب میں اپنی مصنوعات کے مینوفیکچرنگ یونٹس لگانے کا عندیہ

چین کی ایک کمپنی پنجاب میں آرگینک کھاد اور دوسری کمپنی سی پی وی سی پائپ بنانے کا کارخانہ لگائے گی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ میرے دورہ چین کے ثمرات آنا شروع ہوگئے،چین کی کمپنیوں نے سرمایہ کاری کیلئے پنجاب کو چن لیا‘وزیر صنعت پنجاب میں صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل، صوبے میں تیزی سے نئی سرمایہ کاری آرہی ہے‘ چوہدری چوہدری شافع حسین

اتوار 21 ستمبر 2025 17:40

چین کی بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کا پنجا ب میں اپنی مصنوعات کے مینوفیکچرنگ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی 2 بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام نے پیسک ہاؤس میں ملاقات کی جس میں چین کے سرمایہ کار گروپوں کی پنجاب میں سرمایہ کاری ہر بات چیت ہوئی۔ چین کی کمپنیوں نے پنجاب میں اپنی مصنوعات کی مینوفیکچرنگ شروع کرنے کا عندیہ دیا اس مقصد کیلئے شینڈوگ ڈائے بائیو ٹیکنالوجی گروپ پنجاب میں آرگینک کھاد بنانے کا کارخانہ لگائے گا۔

اس کارخانے میں ماحول دوست کھاد تیار ہوگی جس سے کسانوں کو فائیدہ ہوگا اور زمین کی پیداواری صلاحیت بڑھے گی۔ اسی طرح تائیذو حواجیان پلاسٹک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی پنجاب میں ماحول دوست سی پی وی سی پائپ بنانے کا کارخانہ لگائے گی۔کلورین کے استعمال سے پہلی بار یہاں ماحول دوست سی پی وی سی پائپ تیار ہوں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چینی کمپنیوں کے حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ میرے دورہ چین کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔

چین کے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کے لئے پنجاب کو چن لیا ہے۔ چینی کمپنیوں کی پنجاب میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے پاکستان اور چین کے تجارتی تعلقات مضبوط ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے صنعتی مراکز میں تیز رفتاری سے نئے صنعتی یونٹس لگ رہے ہیں۔ نئے کارخانے لگنے سے مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہوگیا ہے۔

چین کی دو نئی کمپنیوں کی آرگینک کھاد اور سی پی وی سی پائپ بنانے میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چین کی یہ دونوں کمپنیاں پنجاب کے کسی بھی سپیشل اکنامک زون میں کارخانے لگائیں،حکومت ہر ممکن سہولت دے گی۔ شینڈوگ ڈائے بائیو ٹیکنالوجی گروپ کے سی ای او جے چیانگ گینگ، تائیذو حواجیان پلاسٹک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی کے مسٹر بن اور دیگر وفد میں شامل تھے۔پاکستان -حونان چیمبر آف کامرس کے مسٹر نیکوچین اور پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔