فرانسیسی ریستوران کی نئی پالیسی، مہمان ریزرویشن کے مطابق نہ ہونے پر فی کس 15 یورو جرمانے کا اعلان

پیر 16 جون 2025 09:40

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) فرانس کے شہر امبواز کے ایک چھوٹے سے ریستوران نے اپنے گاہکوں کے لیے نئی پالیسی متعارف کروا کے نیا تنازع کھڑا کر دیا ۔این ڈی ٹی وی کے مطابق 20 نشستوں پر مشتمل ریستوران ’لیلوٹ‘ہے , اس کے شیف و مینیجر اولیور وینسینٹ نے ریستوران کی نئی پالیسی کا اعلان کیا جس کے تحت ریزرویشن میں بتائے گئے افراد کی تعداد کم یا زیادہ ہونے کی صورت میں 15 یورو فی فرد کے حساب سے جرمانہ کیا جائے گا۔

اولیور وینسینٹ کا کہنا ہے کہ وہ اکثر اس مسئلے کا سامنا کرتے ہیں کہ گاہک ریزرویشن کے مطابق نہیں آتے جس کی وجہ سے ریستوران کی منصوبہ بندی متاثر ہوتی ہے،اسی لیے انہوں نے گاہکوں کو ذمے دار ٹھہرانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ۔فیس بک پر ایک پوسٹ کے ذریعے انہوں نے آگاہ کیا کہ اب سے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ریستوران لِیلوٹ ایک تبدیلی کا اعلان کرتا ہے، اب اگر آپ اپنی بکنگ میں دی گئی مہمانوں کی تعداد کے مطابق نہیں آتے تو ہر غیرحاضر یا اضافی فرد پر 15 یورو کے حساب سے چارج کیا جائے گا۔

ڈیلی میل سے بات کرتے ہوئے اولیور نے کہا کہ اس جرمانے سے آسانی سے بچا جا سکتا ہے اگر گاہک وقت پر ریستوران کو اطلاع دے دیں کیونکہ آج کل زیادہ تر لوگوں کے پاس 24 گھنٹے موبائل فون کی سہولت موجود ہے۔