Live Updates

اسرائیل کی مکمل تباہی تک حملے جاری رہیں گے، ایران کا مزید تباہ کن حملوں کا اعلان

پاسدارانِ انقلاب نے تازہ ترین حملوں میں اسرائیل کے دفاعی نظام کو ناکارہ بنانے کا دعویٰ کردیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 16 جون 2025 14:19

اسرائیل کی مکمل تباہی تک حملے جاری رہیں گے، ایران کا مزید تباہ کن حملوں ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2025ء ) ایران نے اسرائیل کے ساتھ جاری جنگ میں مزید تباہ کُن حملوں کا اعلان کردیا۔ اسرائیل پر تازہ ترین میزائل حملوں سے متعلق ایک بیان میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں نئے طریقۂ کار اور انٹیلیجنس و تکنیکی صلاحیتوں کے استعمال سے دشمن کے کئی تہوں والے دفاعی نظام کو اس حد تک متاثر کیا ہے کہ اسرائیلی دفاعی نظام ایک دوسرے کو نشانہ بنانے لگے ہیں، اس حکمتِ عملی کا نتیجہ یہ نکلا کہ اسرائیلی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ میزائل اپنے اہداف پر لگنے میں کامیاب رہے، آئندہ کارروائیاں پہلے سے کہیں زیادہ شدید، مؤثر، درست نشانہ لگانے والی اور تباہ کن ہوں گی۔

ایران کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کو پھانسی دے دی گئی، ایرانی عدلیہ نے گرفتار شخص کو انٹیلی جنس تعاون اور اسرائیلی حکومت کے حق میں جاسوسی کے جرم میں سزائے موت دی جس کی شناخت اسماعیل فکری ولد خدانظر کے نام سے ہوئی، جس کو 2023ء میں ایک تکنیکی اور انٹیلیجنس کارروائی کے دوران اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اسرائیلی حکومت کی جاسوسی اور دہشتگردی سے متعلق سروس سے رابطے میں تھے۔

(جاری ہے)

ادھر اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تہران میں القدس فورس کے کمانڈ سینٹرز کو نشانہ بنایا، ان کمانڈ سینٹروں میں القدس فورس کے اہلکار مشرق وسطیٰ میں ایرانی حکومت کے حمایت یافتہ گروہوں کے ذریعے اسرائیل پر حملوں کی منصوبہ بندی اور ہدایات دے رہے تھے، اس کے علاوہ اسرائیل کی جانب سے میزائل لانچرز کا استعمال کرتے ہوئے 8 ایرانی ڈرونز کو تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کیا گیا۔

چین نے ایک بار پھر اسرائیل اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کے اقدامات کریں، اس ضمن میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکن کا کہنا ہے کہ ہم تمام فریقین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر ایسے اقدامات کریں جن سے کشیدگی میں کمی آئے، خطے کو مزید بدامنی سے بچایا جا سکے اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات اور بات چیت کے صحیح راستے پر واپس آیا جا سکے، چین کشیدگی کم کرنے کے عمل میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات