لاہور کی ترقی کا سفر تیز، ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا کی زیر صدارت اہم اجلاس، منصوبوں کی رفتار اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا عزم

پیر 16 جون 2025 20:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لاہور شہر کو جدید اور پائیدار انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیر صدارت ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں پروگرام کے تحت جاری سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیہ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح ہدایت جاری کی کہ ترقیاتی کاموں کے معیار، شفافیت اور مقررہ مدت میں تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کا معیار دیرپا اور پائیدار ہی منصوبے کی اصل کامیابی ہے تاکہ شہری ان ترقیاتی کاوشوں سے طویل عرصے تک مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے متعلقہ علاقوں میں جاری منصوبوں کی ذاتی طور پر اور مسلسل سخت نگرانی کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ کسی بھی قسم کی سست روی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ٹھیکیداروں کو تمام منصوبے مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کرنے کی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی عمل میں حائل کسی بھی رکاوٹ، بشمول تجاوزات، کو فوری طور پر ختم کیا جائے تاکہ کام بلا تعطل جاری رہ سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کے شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔