حمل کی منصوبہ بندی میں طبی ماہرین سے مشورہ ضروری ہے، ڈاکٹر عائشہ ملک

آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کا ہائی رسک حمل سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد

پیر 16 جون 2025 23:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2025ء) آغا خان یونیورسٹی ہسپتال نے ہائی رسک حمل میں امید کے عنوان سے ایک عوامی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا، جس کا اہتمام شعبہ زچگی و امراضِ نسواں کے تحت ماں اور بچے کی خصوصی نگہداشت کے سیکشن نے کیا۔ اس سیشن کا مقصد جوڑوں اور خاندانوں کو ماہرین کی رہنمائی اور مفت مشاورت کے ذریعے تعلیم او-ر مدد فراہم کرنا تھا۔

یہ تقریب ہائی رسک حمل سے منسلک خطرات اور اس کے لیے مخصوص طبی نگہداشت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ یہ سیشن ان جوڑوں، متوقع ماں، پیچیدہ طبی تاریخ رکھنے والے افراد، اور نگہداشت فراہم کرنے والوں کے لیے ترتیب دیا گیا تھا جو ماں اور بچے کی صحت سے متعلق بہتر سمجھ بوجھ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

شرکا کو ابتدائی علامات کی شناخت، حمل کے دوران طبی اور جذباتی مسائل سے نمٹنے، اور ماہر ڈاکٹروں کی مدد سے درست فیصلے کرنے کے حوالے سے قیمتی معلومات فراہم کی گئیں۔

سیشن میں ماہرین کے لیکچرز، حمل سے متعلق انفرادی مشورے، جسمانی اور ذہنی صحت کی رہنمائی، ہائی رسک نومولود بچوں کی نگہداشت، اور ماہرین سے براہِ راست سوال و جواب کا سیشن شامل تھا۔ اس کے علاوہ خوش نصیب افراد کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے مفت کلینک مشاورت اور فِیٹل الٹراسانڈ کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ڈاکٹر عائشہ ملک، سربراہ شعبہ ماں اور بچے کی خصوصی نگہداشت، نے کہا کہ "ہائی رسک حمل کی بروقت تشخیص اور ہمدردانہ، ماہر نگہداشت بہت ضروری ہوتی ہے۔

ہم چاہتے ہیں کہ خواتین اور خاندانوں کو ایسا علم اور اعتماد حاصل ہو جو انہیں ان چیلنجز سے محفوظ اور پرامن طریقے سے گزرنے میں مدد دے۔" انہوں نے ایسے تمام افراد کو ماہر ڈاکٹروں سے مشورہ لینے کی ترغیب دی جو حمل کی منصوبہ بندی کر رہے ہوں، پیچیدہ حمل کا سامنا کر چکے ہوں، یا اس وقت کسی مسئلے سے گزر رہے ہوں، تاکہ ماں اور بچے دونوں کے لیے بہترین نتائج حاصل کیے جا سکیں۔یہ تقریب آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے ماں اور بچے کی صحت کے فروغ کے مسلسل عزم اور اعلی معیار کی احتیاطی صحت کی سہولیات کا آغاز ہے۔

متعلقہ عنوان :