Live Updates

وزیر صحت پنجاب کی ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کو مبارکباد

پیر 16 جون 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) وزیر صحت و آبادی پنجاب خواجہ عمران نذیرنے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز اور وزیر خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالی سال 26۔2025 میں 5 ہزار 3 سو 35 ارب روپے کا ٹیکس فری بجٹ مسلم لیگ (ن) کاعوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کیلئے 15 ارب 27 کروڑ روپے کے فنڈز پنجاب کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں کی ڈیجیٹل سپیڈ سے تکمیل عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال ہے۔خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ محکمہ صحت و آبادی کے لیے86 ارب کا بجٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ صحت کے شعبے کی بہتری مریم نواز کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریکارڈ ترقیاتی فنڈز مختص کرکے پنجاب میں ترقی کے نئے سفر کا آغاز کردیا ہے۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مریم نواز نے ہیلتھ سیکٹر میں 3000 سے زائد ہسپتالوں اور مراکز صحت کی ری ویمپنگ سے ثابت کیا ہے کہ عوام کی خدمت کیسے کی جاتی ہے۔بجٹ کے ذریعے عوام کو ریلیف اور کاروبار میں ترقی کا سفر مزید تیز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ برائے مالی سال 26۔2025 میں بھی مراکز صحت کی بحالی کے لئے 5 ارب روپے کی حقیر رقم مختص کی گئی ہے۔

اسی طرح نوازشریف میڈیکل ڈسٹرکٹ لاہور کیلئے61.3ارب یونیورسل ہیلتھ انشورنس کیلئے 25ارب، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں نرسنگ کی تعلیم کیلئے سنٹر آف ایکسیلینس کے قیام کیلئے 23ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کینسر اینڈ ریسرچ انسٹیٹیو ٹ کیلئے 14.5ارب روپے،مریم نوازکمیونٹی ہیلتھ سروس کیلئے 12.6ارب، مریم نواز کلینک آن ویلز کیلئے 3.5ارب اور مریم نواز دیہی ہسپتال سکیم کیلئے 3ارب روپے کے مختص شدہ فنڈز اس بات کی عکاسی ہے کہ سب سے بڑے ڈویلپمنٹ بجٹ میں عوام کو سہولیات کی فراہمی مسلم لیگ (ن) کا نصب العین ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے تاریخی پیکیج میں مفت ادویات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میرٹ،شفافیت اور گڈ گوننس کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی پر خرچ کی جائے گی اور ہم اس اعوان کو ایک ایک پائی کا حساب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 15 ارب 27 کروڑ سے نئی ترقیاتی سکیموں سے صوبہ میں ترقیاتی کے نئے باب کا آغاز ہو گا۔تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ہی دن میں پنجاب اسمبلی کے دو اجلاسوں کا کریڈٹ بھی مسلم لیگ کی حکومت کو جاتا ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات