میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹائون کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

پیر 16 جون 2025 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹائون ایاز حمید اللہ بلوچ کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے نیو کراچی ٹائون آفس میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں جلوسوں ، مجالس،صفائی ستھرائی، پانی کی فراہمی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، راستوں کی ہمواری اور سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق مونسپل کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جلوسوں کے تمام روٹس کی صفائی اور سیوریج لائنز کی درستگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداران حسین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران کو ہدایت دی کہ امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں پر کچرا اٹھانے کیلئے خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں جو صفائی کے عمل کو بلا تعطل جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ٹائون میں قائم مساجد و امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات پر پانی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے راستوں پر روشنی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ سیکیورٹی فراہم کرنے والے اداروں کے تعائون سے جلوسوں اور مجالس کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

اجلاس میں مونسپل کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور عزادارانِ حسین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ٹائون انتظامیہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی۔ اجلاس میں یوسی چیئرمینز و وائس چیئرمیز،اراکین یونین کمیٹی، ٹریفک پولیس، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، کراچی الیکٹرک کارپوریشن،سینئر ڈائریکٹر ایڈمن شمعونہ صدف،ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن محمد مشتاق خان،ایکس سی این ندیم حیدر، بی اینڈ آر، آفیسرفیصل صغیر، محکمہ باغات آفتاب احمد،ڈائریکٹر انکروچمنٹ عبید الرحمن،نیو کراچی ٹائون کی مساجد اور امام بارگاہوں کے منتظمین نے شرکت کی۔