ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

پیر 16 جون 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں ایس ایس پی سبی ڈاکٹر سمیع ملک، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر لہڑی میر بہادر خان بنگلزئی،چیرمین ایم سی سردار محمد خان خجک تمام ڈسٹرکٹ ہیڈز سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں امن و امان کی تمام صورتحال، بجلی چوری ، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون،انسداد سمگلنگ اور انسداد تجاوزات آپریشن،ضلع میں صحت اور تعلیم کی مجموعی صورتحال کا جائزہ،مدرسہ کی رجسٹریشن سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہانزیب شیخ نے کہا کہ امن وامان کا قیام ترجیح ہے جس میں خلل ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے ،انہوں نے کہا کہ پبلک لائزن کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا جس کے فوکل پرسن متعلقہ علاقوں کے ایس ایچ او زہونگے اور دیگر معتبرین، کونسلز کو بھی کمیٹی کا ممبر بنایا جائے گا ،کمیٹی کا مقصد اے ایریا اور بی ایریا میں تھانے کی حدود میں سیکیورٹی صورتحال، جرائم کی روک تھام، عوامی تحفظ، پولیس اور عوام میں رابطہ، عوامی شکایات اور انکو حل کرنا ہے ۔