سی ایم پنجاب لائیو اسٹاک کارڈسکیم کے تحت دیئے گئے قرضہ کی واپسی کے عمل میں راولپنڈی کی پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن

پیر 16 جون 2025 21:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2025ء) محکمہ لائیو اسٹاک پنجاب کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شروع کی گئی "سی ایم پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ" اسکیم کے تحت مویشی پال افراد کو جانوروں کو فربہ کرنے کے لیے بلا سود قرضے فراہم کیے گئے تاکہ وہ بہتر خوراک، ونڈا، منرل مکسچر وغیرہ خرید سکیں۔ اس سکیم کی چار ماہ کی معائنہ مدت مکمل ہونے کے بعد قرضہ کی واپسی کے عمل میں راولپنڈی ڈویژن نے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

اس کامیابی کے پیچھے محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران اور عملے کی دن رات کی محنت شامل ہے۔ صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی ہدایت پر ایک ہفتے کے اندر قرضہ ریکوری کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جسے راولپنڈی ڈویژن کے دونوں اضلاع اٹک اور جہلم نے کامیابی سے مکمل کیا۔

(جاری ہے)

راولپنڈی ڈویژن نے مہینہ مکمل ہونے سے قبل ہی پنجاب کے تمام اضلاع سے پہلے بلا سود قرضہ کی ریکوری مکمل کر لی۔

اس دوران 94.30 فیصد رقم بغیر کسی تاخیر کے حکومت پنجاب اور بینک آف پنجاب کے اکاؤنٹ میں جمع کروا دی گئی۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر لائیو اسٹاک راولپنڈی ڈاکٹر نوید سحر زیدی نے بتایا کہ بقایا 20 لاکھ روپے کی ریکوری بھی جلد مویشی پال افراد سے مکمل کر لی جائے گی۔ یہ اسکیم پنجاب میں مویشی پال حضرات کی فلاح اور لائیو اسٹاک سیکٹر کی ترقی کے لیے ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔