: راولپنڈی ڈویلپمنٹ پلان کی اصولی منظوری‘ واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے منصوبوں پر کام کیا جائے گا

منگل 17 جون 2025 04:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ پلان کی اصولی منظوری دے دی ہے جس کے تحت واٹر سپلائی اور سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے منصوبوں پر کام کیا جائے گا ایم ڈی واسا راولپنڈی ڈویلپمنٹ پلان کے تحت بننے والی سکیموں کا پی سی ون فوری طور پر تیار کریں۔ یہ بات سیکرٹری اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینرنگ ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب نور الامین مینگل نے پیر کے روز واسا راولپنڈی کے دورے کے دوران واسا، آرڈی اے اور پی ایچ اے کے مشترکہ اجلاس میں کہی سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نے کہا ہے کہ مون سون کی تیاریاں فوری طور پر مکمل کی جائیں دادوچھہ ڈیم سے پانی کے حصول کیلئے فزیبلیٹی سٹڈی کو کم سے کم دورانیے میں مکمل کیا جائے تاکہ اس منصوبے سے راولپنڈی شہر کوپانی کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے بارشی پانی کے ذخیرے کیلئے لاہور شہر کی طرز پر گراونڈ سٹوریج بنائے جائیں جس کے لئے پی ایچ اے کے پارکس کو استعمال کیا جائے تاکہ بارشی پانی کو محفوظ کیا جائے اور یہ پانی ہارٹیکلچر مقاصد کیلئے استعمال کیا جاسکے انہوں نے کہا پانی کی ایک ایک بوند کو بچانے کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے سیکرٹری ہاؤسنگ نے واسا کی ریونیو ریکوری کے ٹارگٹ 2 ارب 30 کروڑ روپے سالانہ کے مقابلے میں 2 ارب 60 کروڑ روپے ریکوری کرنے پر واسا افسران و ایم ڈی واسا کی کاوشوں کو سراہا اور اگلے مالی سال میں ریونیو ریکوری ٹارگٹ مزید بڑھانے پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر منیجنگ ڈائر یکٹر واسا محمد سلیم اشرف نے بریفنگ میں بتایا کہ واسا راولپنڈی نے مون سون کے لئے پلان تشکیل دیا ہے جس میں نالہ لئی اور شہر کے پندرہ نالوں کی صفائی کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ سیوریج لائنوں کی صفائی کا کام پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے مشینری کی اوور ہالنگ کے ساتھ سٹاف کی ٹریننگ کی بھی کروائی گئی ہے شہر بھر میں پانچ مون سون کیمپس بنائے جائیں گے جہاں پر عملہ و ہیوی مشینری بارشوں کے دوران موجود رہے گا جبکہ واسا ہیڈ آفس میں مین کنٹرول روم قائم کیا جائے گا ایم ڈی واسا نے کہا کہ موسم گرما میں پینے کے پانی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے 20 نئے ٹیوب ویلوں کی تنصیب کے ساتھ راول ڈیم اور خانپور ڈیم سے پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ میگا ڈیمز منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور ان منصوبوں کی تکمیل کے بعد شہر میں پانی کی قلت پر قابو پا لیا جائے گا ان منصوبوں سے چہان ڈیم سے 12 ملین یومیہ، راول ڈیم سے اضافی 5 ملین گیلن یومیہ جبکہ خان پور ڈیم سے 8 ملین گیلن یومیہ اضافی پانی شہر کو مہیا کیا جائے گا نہوں نے کہا کہ دادو چھہ ڈیم سے 35 ملین گیلن یومیہ پانی حاصل ہوگا جس کی فزیبلٹی پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور یہ کام اگلے دو ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا اس موقع پر سکیرٹری ہاؤسنگ نے واسا راولپنڈی کے مون سون سے متعلقہ اقدامات اور تیاریوں کو سراہا اور ساتھ ہدایات جاری کیں کہ مون سون کے اختتام تک ہائی الرٹ پر رہا جائے اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ محکموں کے ساتھ کوارڈی نیشن میں رہا جائے۔