سرگودھا میں بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکہ جات کی خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا

منگل 17 جون 2025 17:16

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) ضلع سرگودھا میں بچوں کو مہلک بیماریوں سے بچانے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات کی خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ افتتاح ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کیا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سروسز سرگودھا ڈاکٹر سارہ صفدر محکمہ صحت کے اعلیٰ افسران، ضلعی ویکسینیشن کوآرڈینیٹرز، اور مختلف اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

یہ مہم 16 جون سے 15 جولائی تک جاری رہے گی اور اس دوران پانچ سال تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ مہم کا مقصد ایسے بچوں کو ویکسین فراہم کرنا ہے جو کسی وجہ سے پہلے ویکسینیشن سے محروم رہ گئے تھے۔ اس کے ساتھ ہی ان بچوں کو بھی ویکسینیشن دی جائے گی جنہیں معمول کی ویکسینیشن کے دوران نظرانداز کیا گیا۔

(جاری ہے)

ضلع بھر میں یہ مہم کامیابی سے جاری رکھنے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں فیلڈ ٹیمیں، موبائل ویکسینیشن ٹیمیں اور سوشل موبلائزرز شامل ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گے۔

مہم کے دوران 9 ہزار پانچ سو بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔ ان بچوں میں وہ بچے بھی شامل ہیں جو 0 سے 23 ماہ اور 24 ماہ سے 59 ماہ کی عمر کے ہیں اور جنہیں حفاظتی ٹیکے لگانے کی ضرورت ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین سے درخواست کی کہ وہ اپنے بچوں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے اس مہم میں بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو قریبی صحت مراکز یا موبائل ٹیموں کے ذریعے ویکسین لگوائیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد وسیم نے مزید کہا کہ بچوں کی صحت اور ان کا محفوظ مستقبل حکومت کی ترجیح ہے اور اس مہم کے ذریعے ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ ہر بچہ بیماریوں سے محفوظ رہے۔ اس مہم کے دوران بچوں کو پولیو سمیت دیگر بیماریوں کے خلاف بھی حفاظتی ٹیکے دیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :