جہلم ،محرم الحرام میں تمام جلوسوں اور مجالس کی ویڈیو ریکار ڈنگ کی جائے گی ،ڈپٹی کمشنر

منگل 17 جون 2025 17:21

جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) محرم الحرام میں تمام جلوسوں اور مجالس کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی جبکہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے علاوہ انتظامی امور کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے ضروری اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی اجلاس میں ریسکیو1122, محکمہ صحت ، محکمہ تعلیم ، محکمہ پولیس ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر ، اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمن ، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع جہلم میں عشرہ محرم کے دوران 32 جلوس جبکہ 150 سے زائد مجالس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے تمام متعلقہ محکموں نے اپنے انتظامات مکمل کر لیے ہیں ضلعی پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی اور اہلکاروں کی ڈیوٹی کے حوالے سے تفصیلات جلد مکمل کر لی جائیں گی ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا کہ تمام تحصیلوں میں چھوٹی بڑی تمام مجالس اور جلوسوں کی مکمل نگرانی کی جائے گی جبکہ روایتی جلوسوں کے علاوہ نئے جلوس بغیر اجازت کے نہیں نکالے جا سکیں گے اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر نے محرم کے مرکزی جلوسوں کے راستوں سے تمام قسم کی رکاوٹوں تجاوزات تعمیراتی سامان وغیرہ ہٹانے کے بارے میں پلان پر بریفنگ دی اور بتایا کہ تمام جلوسوں کے راستوں میں کیمرے نصب کیے جائیں گے جلوسوں کے راستوں کو مکمل بند کیا جائے گا تاکہ کوئی غیر ضروری نقل و حرکت نہ ہو سکے ۔

(جاری ہے)

ٹریفک کو متبادل روٹ پر منتقل کیا جائے گا ڈی سی جہلم نے تمام لائسنس داروں کے ساتھ انتظامیہ کی میٹنگ اور ان کو اعتماد میں لے کر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔\378