محرم الحرام ،بین المسالک ہم آہنگی،رواداری اور احترام باہمی کی فضاء کو قائم رکھنا سب کی ذمے داری ہے ‘ سید حسن رخا

منگل 17 جون 2025 18:29

نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2025ء)محرم الحرام کے مقدس مہینے کے دوران بین المسالک ہم آہنگی،رواداری اور احترام باہمی کی فضاء کو قائم رکھنا ہم سب کی ذمے داری ہے اور اس دوران امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھنے کیلئے علمااکرام کو انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انکا کہنا تھا کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ جہاں اسلامی تاریخ میں بے پناہ اہمیت کا حامل ہے،وہیں اس ماہ مقدس کے دوران ہمیشہ کی طرح اس دفع بھی ضلعی انتظامیہ نے عوام الناس کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں،اس سلسلے میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا جاچکا ہے اور تمام مکاتب فکر کے علما اس حوالے سے اپنا موثر کردار ادا کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سیفٹی اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیلئے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے دوران پولیس،سول ڈیفنس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ذمیداریاں تقویض کردی گئی ہیں۔تمام اہم مقامات پر واک تھرو گیٹس لگانے اور محرم روٹس کے مانیٹرنگ کیلئے CCTV کیمروں کی تنصیب کے علاوہ محرم روٹس کی سویپنگ کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی تعینات کیا جائے گا اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ زائرین اپنے مقرر کردہ روٹس کی 100فیصد پابندی کریں۔

زائرین کی حفاظت کے لیے محرم روٹس پرجابجا لٹکی بجلی کی تاروں کو مناسب طریقے سے سمیٹنے،خالی مین ہولز پر ڈھکن رکھنے اور روٹس کے راستوں کی صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ اجلاس کے راستوں پر ٹھنڈے میٹھے مشروبات کے علاوہ آگ بجھانے والے آلات بھی جلوس کے راستوں پر موجود رکھنے جیسے انتظامات کرنے بارے متعلقہ محکموں کو ٹاسک سونپ دئیے گئے ہیں۔

انکا مزید کہنا تھا کہ امن کمیٹی کے ممبران پولیس کے ہمراہ ضلع،تحصیل اور تھانوں کے حدود تک روٹس کی نگرانی سمیت عوام الناس میں مذہبی منافرت پیدا کرنے والے شرپسند عناصر پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا کا کہنا تھا کی عوام الناس سے اپیل ہے کہ وہ مذہبی بنیاد پر نفرت پھیلانے والے شرپسند عناصر پر نظر رکھیں اور امنو امان کیلئے خطرہ بننے والی تمام تر سرگرمیوں بارے انتظامیہ،پولیس اور امن کمیٹی کے ممبران کو ضرور مطلع کریں،تاکہ ایسے شرپسند عناصر کی بروقت بیخ کنی کی جاسکے۔