چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس، پشاور میں مجوزہ کچہری کمپاؤنڈ کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا

منگل 17 جون 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2025ء) چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس سپریم کورٹ برانچ رجسٹری پشاور میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کا مقصد پشاور میں مجوزہ کچہری کمپاؤنڈ کی تعمیر کے ماسٹر پلان کا جائزہ لینا اور اس کو حتمی شکل دینا تھا۔سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں جسٹس اشتیاق ابراہیم، جج سپریم کورٹ آف پاکستان، جسٹس ایس۔

ایم۔ عتیق شاہ، قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ، جسٹس اعجاز انور، سینئر جج، پشاور ہائی کورٹ؛ محمد سلیم خان، رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان، پشاور ہائی کورٹ کے سینئر افسران اور حکومت خیبر پختونخوا کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس اہم مشاورتی اجلاس میں مجوزہ کچہری کمپاؤنڈ کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے غور کیا گیا، جن میں تعمیراتی منصوبہ بندی، سہولیات کی فراہمی، رسائی کی آسانی، اور ماحول دوست عناصر کا ادغام شامل تھا۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ منصوبہ جدید اور پائیدار خطوط پر ترتیب دیا جائے اور اس میں بار، بینچ اور ایگزیکٹو سمیت تمام اہم فریقین کی ضروریات اور تجاویز کو شامل کیا جائے۔چیف جسٹس نے مزید زور دیا کہ کمپاؤنڈ کو تمام طبقات کے لیے دوستانہ اور جامع بنایا جائے۔ اس ضمن میں انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیزائن میں سرسبز مقامات کے لیے مخصوص جگہیں رکھی جائیں، شجرکاری کے ذریعے ماحولیاتی صحت کو یقینی بنایا جائے اور بچوں کے لیے مخصوص پارک ایریا شامل کیا جائے۔

مزید یہ کہ سائلین، بالخصوص بزرگوں اور معذور افراد کے لیے سہولیات اور آسان رسائی کو یقینی بنایا جائے۔عدالتی اداروں کے باہمی تعاون کے عزم کو دہراتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے یقین دہانی کرائی کہ سپریم کورٹ آف پاکستان جہاں بھی ضرورت ہو، اس عمل کو آسان بنانے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدلیہ، انصاف کی فراہمی کے نظام کو مضبوط بنانے اور عوام کی قانونی خدمات تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے تعمیری اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔