Live Updates

’صیہونیوں سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا‘ ایرانی سپریم لیڈر کا ٹرمپ کی دھمکی پر ردعمل

آیت اللہ علی خامنہ ای اپنے اہل خانہ کے ہمراہ محفوظ مقام پر منتقل ہوچکے ہیں جہاں سے ملکی سلامتی اور دفاعی معاملات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں؛ ایرانی میڈیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 18 جون 2025 11:02

’صیہونیوں سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا‘ ایرانی سپریم لیڈر کا ٹرمپ ..
تہران ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون 2025ء ) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دھمکی آمیز بیان پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ صہیونیوں سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا، ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای اپنے اہل خانہ کے ہمراہ محفوظ مقام پر منتقل ہوچکے ہیں جہاں سے ان کی طرف سے ملکی سلامتی اور دفاعی معاملات کی مسلسل نگرانی کا سلسلہ جاری ہے، ایران کے سپریم لیڈر نے جنگی کارروائیوں کی مکمل ذمہ داری پاسدارانِ انقلاب کو سونپ دی ہے جس کے بعد اب ایران میں جنگ کے تمام اختیارات باضابطہ طور پر پاسدارانِ انقلاب کے پاس ہیں۔

ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل عبدالرحیم موسوی نے اسرائیل کے خلاف بڑی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی شہری فوری طور پر حیفہ اور تل ابیب کو خالی کر دیں کیوں کہ اصل آپریشن اب شروع ہونے جا رہا ہے جو اسرائیل کو جلد انجام تک پہنچا دے گا، اب تک کی ایرانی کارروائیاں صرف ایک انتباہ تھیں مگر اب کی بار ایران فیصلہ کن ضرب لگانے جا رہا ہے، دنیا کو یقین رکھنا چاہیئے کہ ایرانی قوم مسلح افواج کی قیادت میں اپنے شہداء کے خون کا بدلہ ضرور لے گی، ایرانی قوم نے تاریخ میں کبھی جارحیت کے سامنے سر نہیں جھکایا اور نہ اب جھکائے گی، اسرائیلی حکومت کو اس کے سنگین جرائم کی سزا دے کر چھوڑا جائے گا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ایران غیرمشروط طور پر ہتھیار ڈال دے، ہمارا صبر جواب دے رہا ہے، ایران کے پاس اچھے فضائی ٹریکرز اور دیگر دفاعی سازوسامان موجودہ تھا، ایران کے پاس یہ سامان بڑی مقدار میں تھا لیکن اب ہمیں ایران کی فضائی حدود پر مکمل کنٹرول حاصل ہے، ہمیں معلوم ہے ایرانی سپریم لیڈر کہاں چھپے ہیں، ہم فی الحال ایرانی سپریم لیڈر کو نہیں مارنے جارہے ، ایرانی سپریم لیڈر آسان ہدف ہیں، ہم ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے نہیں جارہے، ایران کا سازوسامان امریکی دفاعی سازوسامان کا مقابلہ نہیں کرسکتا، کوئی بھی امریکہ سے اچھا دفاعی سازوسامان نہیں بنا سکتا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات