کاہنہ میں پسند کی شادی پر میاں بیوی کے قتل کا مقدمہ درج

بدھ 18 جون 2025 16:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2025ء)لاہور کے نواحی علاقے کاہنہ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ، مقدمہ 4نامزد اور 3سے 4نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے جن پر قتل سمیت دیگر سنگین دفعات لگائی گئی ہیں۔پولیس اور ایف آئی آر کے مطابق مقتول پیر محمد ایک معذور شخص تھا جس نے تقریباً دو ماہ قبل نفیسہ بی بی سے پسند کی شادی کی تھی۔

(جاری ہے)

شادی کے بعد دونوں کاہنہ کے علاقے نور پارک میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ایف آئی آر میں بیان کیا گیا ہے کہ مقتولہ کے والد غلام صدیق اور دیگر قریبی رشتہ داروں کو پسند کی شادی پر شدید رنج تھا جس کے نتیجے میں انہوں نے مبینہ طور پر اس سنگین واردات کو انجام دیا۔مقدمے میں غلام صدیق، صدیق اللہ، مجیب اللہ اور شریف اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ دیگر 3 سے 4 نامعلوم ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پیر محمد اور اس کی اہلیہ نفیسہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔