ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مابین مفاہمت کی یادداشت طے پا گئی

بدھ 18 جون 2025 17:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن (ڈی ایل ای)اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) کے مابین مفاہمت کی یادداشت طے پا گئی۔ترجمان وزارت قانون و انصاف کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن (ڈی ایل ای)اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) نے سپریم کورٹ کی عمارت میں مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو)پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا۔

وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ایم او یو پر ڈائریکٹرڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن بیرسٹر اسامہ ملک اور کمشنر ایس ای سی پی مجتبیٰ لودھی نے اپنے اپنے اداروں کی طرف سے دستخط کئے ۔ایم او یو کا مقصد وکلاء اور قانون کے طلباء کے لیے کارپوریٹ، کمپنی، بینکنگ اور انشورنس قوانین کے موضوعات پر تربیت کو فروغ دینے کے لیے دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھانا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن ایس ای سی پی کے پراسیکیوٹرز اور اندرون ملک قانونی مشیروں کے لیے تربیت کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔ تقریب میں چیئرمین ایس ای سی پی عاکف سعید، کمشنر ایس ای سی پی مجتبیٰ لودھی، کمشنر ایس ای سی پی ذیشان خٹک اور کمشنر ایس ای سی پی مظفر مرزانے شرکت کی۔ تقریب میں ممبر پاکستان بار کونسل احسن بھون، چیئرمین لیگل ایجوکیشن کمیٹی قلب حسن شاہ، ممبر پاکستان بار کونسل امجد شاہ اور صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن رئوف عطا نے بھی شرکت کی۔

وزیر قانون نے اس تعاون کو سراہا اور وکلاء کے لیے قانونی تعلیم کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیئرمین ایس ای سی پی نے بھی اس کاوش کو سراہا اور ایس ای سی پی کی جانب سے اس سلسلے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ بیرسٹر اسامہ ملک نے کہا کہ یہ ایم او یو دونوں اداروں کے درمیان دیرپا تعاون کا آغاز ہے جو وکلاء، قانون کے طلباء اور ایس ای سی پی کے عملے کے لیے قانونی تربیت کے معیار کو بہتر بنائے گا۔