لاہور کے 9ٹائونز میں مرحلہ وار صفائی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین

بدھ 18 جون 2025 17:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’’ستھرا پنجاب ‘‘ مہم پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے۔ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے بھی اس مقصد کے حصول کے لیے لاہور کے 9ٹائونز میں مرحلہ وار خصوصی صفائی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کیلئے سمن آباد ٹائون میں 190لوڈر رکشے ورکنگ پرتعینات ہیں،بہترین صفائی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی آپریشن ٹیموں نے سمن آباد ٹائون میں زیرو ویسٹ آپریشن کر کے 32ہاٹ سپاٹ ایریاز کی کلیئرنس بھی یقینی بنائی،سکول، کالجزاورکمرشل مارکیٹس کے گرد مینوئل سویپنگ اسکریپنگ بھی کی گئی۔

سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ سمن آباد ٹاون میں تعینات 1400ورکرز، لوڈر رکشوں سمیت 300آپریشنل گاڑیوں کی مدد سے خصوصی صفائی آپریشن کیا گیا جبکہ تمام عارضی کولیکشن پوائنٹس روزانہ کی بنیاد پر زیرو ویسٹ کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مزید برآں گلشن راوی،یتیم خانہ چوک، بابو صابو میں خصوصی صفائی آپریشن مکمل کیا گیا جبکہ کریم بلاک،مون مارکیٹ،ایوبیہ مارکیٹ،اچھرہ بازار کے اطراف خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات ہیں اور چوبرجی، سمن آباد،ملتان روڈ،جی او آر 2،اسلامیہ پارک میں بھی صفائی ستھرائی کا عمل جاری ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو صاف بنانے میں ایل ڈبلیو ایم سی ٹیموں کا ساتھ دیں۔