سیاسی مسخروں کی پوری توجہ جوتے چمکانے پر مرکوز ہے، پی ٹی آئی کا عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل

نااہل اور شرم و حیا سے محروم یہ گروہ ٹخنوں سے اوپر دیکھنے اور ذلت آمیز خوشامد کے علاوہ اپنی نوکری بچانے کا کوئی رستہ تلاش کرنے میں ناکام ہے؛ ترجمان پاکستان تحریک انصاف

Sajid Ali ساجد علی بدھ 18 جون 2025 17:16

سیاسی مسخروں کی پوری توجہ جوتے چمکانے پر مرکوز ہے، پی ٹی آئی کا عظمیٰ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ پنجاب کی مینڈیٹ چور سرکار کی ترجمان بدزبان ہی نہیں بددماغ بھی حد سے بڑھ کر ہے، ریاستی اداروں اور شخصیات کو سیاست میں گھسیٹ کر متنازعہ بیان بازی کا ایندھن بنانا شرمناک ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ میڈیا پر بازاری زبان میں صدا گیری سے مجرموں کا یہ گروہ خود کو عوام کی نگاہ میں معتبر بنا سکتا ہے نہ اپنی مردہ سیاست میں کسی درجے کی جان ڈال سکتا ہے، پاکستان میں تباہی اور بربادی کی سیاہ تاریخ رقم کرنے والا ٹولہ بیہودہ بیان بازی سے خود کو ملک و قوم کا خیر خواہ ثابت کرنے میں پہلے کامیاب ہوا نہ اب ہوگا۔

اس حوالے سے اپنے بیان میں ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ اڈیالہ میں قید قوم کے حقیقی قائد کی نگاہ پاکستان اور پیچیدگی اختیار کرتے حالات پر، ان سیاسی مسخروں کی پوری توجہ جوتے چمکانے پر مرکوز ہے، چوری کی حکومت ملنے کے باوجود نکمّا، نااہل اور شرم و حیا سے محروم یہ گروہ ٹخنوں سے اوپر دیکھنے اور ذلت آمیز خوشامد کے علاوہ اپنی نوکری بچانے کا کوئی رستہ تلاش کرنے میں ناکام ہے، پنجاب میں کسان کی محنت برباد، عوام در بدر ہیں تاہم ننگِ ناموس درباریوں کے اس گروہ کی ترجیحات ہیجان، انتشار اور تقسیم کے سوا کچھ نہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ عوام اور ریاستی اداروں میں فاصلوں کی خلیج بڑھا کر اپنی روزی روٹی کا بندوبست کرنے والے ان گھٹیا کرداروں کا کھیل زیادہ عرصے تک نہیں چل پائے گا، پاکستان کو طاقت کے زور پر آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے احترام و تسلسل کی راہ سے ہٹا کر درباری ایجنڈے کی بھینٹ چڑھانے والے جلد کٹہرے میں کھڑے کیے جائیں گے۔