Live Updates

آئندہ مالی سال میں شعبہ رسل و رسائل کیلئے15ارب روپے مختص کئے جانے کی تجویز ہے، وزیرخزانہ آزاد کشمیر

بدھ 18 جون 2025 23:03

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) وزیرخزانہ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر عبدالماجد خان نے اپنی بجٹ تقریر میں ایوان میں بتایاکہ شعبہ رسل و رسائل میں محکمہ شاہرات کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25میں کل14 ارب 90کروڑروپے مختص کیے گئے تھے جن کے خلاف نظر ثانی میزانیہ15ارب 18کروڑ90لاکھ روپے مختص کیے جانے کی تجویز ہے جبکہ آئندہ مالی سال 2025-26ء میں شعبہ رسل و رسائل کیلئے15ارب روپے مختص کئے جانے کی تجویز ہے جو آزاد کشمیر کے مجموعی ترقیاتی پروگرام کا30.61 فیصد بنتاہے۔

انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں شاہرات شہری اور دور افتادہ دیہی علاقہ جات کے لیئے رسل و رسائل کا واحد ذریعہ ہیں، معیاری سڑکوں کی فراہمی معیار زندگی میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، کسی ریاست میں سڑکوں کا مربوط نظام روزگار، جدید سفری سہولیات کی فراہمی، حادثات کی روک تھام اور کھیتوں سے منڈیوں تک زرعی و غذائی اجناس کی بروقت ترسیل کو یقینی بناتاہے۔

(جاری ہے)

ریاست بھر میں یکساں طورپر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ سڑکوں کی تعمیر اور ٹریفک حجم کو مد نظر رکھتے ہوئے سڑکوں کا ڈیزائن اور مطابقاً تعمیرآزا د حکومت ریاست جموں و کشمیر کی ترجیحات میں شامل ہے جسے مد نظر رکھتے ہوئے اہم سڑکوں کی تعمیر/ریکنڈ یشننگ اور کئی بڑی شاہراہوں کی اپ گریڈیشن کے علاوہ رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔

رواں مالی سال میں 345.33کلومیٹر سڑکوں کی تعمیرجبکہ 36کلومیٹر سڑکوں کی ریکنڈیشنگ کا کام مکمل ہو رہاہے۔قابل ذکرمنصوبہ جات میں ضلع کوٹلی میں کوٹلی نکیال روڈ، سرساوہ بلوچ روڈاورکوٹلی تتہ پانی روڈ تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ میرپور میں ڈبل لین شاہرا ہ منگلا تا صاحب چک کی تعمیرکے علاوہ Yکراس روڈ کی ریکنڈیشننگ پر کام جاری ہے۔ضلع بھمبر میں جھنڈالا پیر گلی روڈپارٹ 1 و پارٹ2 کے علاوہ سہلر پل کے منصوبہ جات تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

اسی طرح ضلع سدھنوتی میں پلندری کلہ روڈ، منگ چھلاڑ روڈ اور بلوچ سرساوہ روڈ پر کام جاری ہے۔ضلع پونچھ میں اپ گریڈیشن آف کھائی گلہ تولی پیر لسڈنہ روڈ کا کام اس سال مکمل کر لیا جائے گا۔ضلع باغ میں پدر سیور روڈ، بشارت شہید روڈ اور پنیالی بیسوٹی روڈ پر کام جاری ہے۔ضلع حویلی میں کالا مولا روڈ تکمیل کے مراحل میں ہے جبکہ ضلع مظفرآباد میں شاہ سلطان پل کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے نیز مظفرآباد میں رتی ڈھیری پل کے علاوہ چھتر کلاس ڈنہ روڈ پر کام تیزی سے جاری ہے۔

ضلع جہلم ویلی میں کومی کوٹ شکریاں روڈ پر کام جاری ہے جبکہ لیپا کرناہ روڈ کی بحالی کا کام شروع کیا جا چکاہے۔ مزید براں ضلع نیلم میں اٹھمقام تا تاؤبٹ روڈ پر مرحلہ وار کام تکمیل کے مراحل میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ شعبہ رسل و رسائل میں موجودہ حکومت کی ترجیحات کے مطابق رواں مالی سال میں حلقہ جات کی ضرورت کے مد نظر 30کلومیڑ سڑکیں فی حلقہ کے منصوبہ جات منظور کیے گئے ہیں جن کے تحت نئی سڑکوں کی تعمیر کے علاوہ پرانی سڑکوں کی بہترگی و کشادگی کی سکیمیں بھی شامل ہوں گی۔

ان کے علاوہ دیگر جاریہ رابطہ سڑکوں کے منصوبہ جات پربھی تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی ترجیحات اور عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے آئندہ مالی سال 2025-26ء میں فی حلقہ30کلومیٹر رابطہ سڑکیں سکیم میں شامل کیے جانے کی تجویز ہے اور ان کیلئے 5ارب80کروڑ روپے کی رقم مختص کیے جانے کی تجویز ہے۔علاوہ ازیں ساوتھ زون کے لئے 200کلومیٹر جبکہ نارتھ زون میں 300کلومیٹر موجودہ سڑکوں کی ری سرفسینگ کی سکیم شامل کئے جانے کی بھی تجویز ہے۔

انہوں نے کہاکہ رواں مالی سال کے دوران شعبہ رسل و رسائل میں مجموعی طور381کلومیٹر سڑکوں کو پختہ کیا گیاہے جبکہ 33 سکیمیں اگلے مالی سال میں مکمل کی جائیں گی جن کے تحت147کلومیٹر سڑکیں تعمیرکی جائیں گی اور 101کلومیٹر سڑکوں کی ریکنڈیشنگ کی جائے گی۔نیز330میٹر سپین آر سی سی پل اور 97میٹربیلی پلوں کی تعمیر کی جائے گی۔نیز نارتھ زون میں پلوں کی بحالی و مرمتی کا جاری منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے تعاون سے زیر تعمیر منصوبہ جات میں سے نوسیری لیسوا بائی پا س روڈ کی نظرثانی سکیم مالیتی1ارب 59کروڑ79لاکھ روپے منظورشدہ ہےجس کیلئے رواں مالی سال میں 15کروڑ واگزار ہوئے اور موقع پر کام شروع ہو چکا ہے جس کی بدولت نیلم ویلی کو بائی پاس کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔رٹھوعہ ہریام پل میرپورکی سکیم کا دوبارہ نظر ثانی پی سی ون مالیتی9ارب 58کروڑ 27لاکھ کووفاقی فورم ایکنک نے منظور کر دیا ہے،موقع پر کام تیزی سے جاری ہے۔

رواں مالی سال میں منصوبہ کیلئے 3ارب 30کروڑ واگزار ہوئے ہیں اور آئندہ مالی سال 2025-26ء میں اس کی تکمیل متوقع ہے۔ مزید برآں وفاقی حکومت کے مالی تعاون سے ایل او سی پر واقع تمام حلقہ جات میں رابطہ سڑکوں کی تعمیر و ریکنڈیشننگ کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات