آرپی او شیخوپورہ کی ننکانہ صاحب میں کھلی کچہری کا انعقاد، شہریوں کی درخواستیں اور شکایات سن کر فوری حل کے احکامات جاری

بدھ 18 جون 2025 21:50

ننکانہ صاحب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے ڈی پی او سید ندیم عباس کے ہمراہ ننکانہ صاحب میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ آر پی او نے شہریوں کی درخواستیں اور شکایات سن کر موقع پر ہی فوری حل کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے تھانوں کے ریکارڈ رجسٹرز چیک کیے اور اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔ آر پی او نے تھانہ صدر میں پولیس ویلفیئر کے لیے ڈی پی او کے ہمراہ عمر ہسپتالاور سٹار سکول کے فوکل پرسنز کے ساتھ معاہدے بھی دستخط کیے۔

فوکل پرسنز میں ڈاکٹر ساجد اور پرنسپل سکول عمران اسلام شامل تھے۔ آر پی او نے دورہ کے دوران ڈسٹرکٹ بار کے عہدیداران سے ملاقات کی۔ملاقات میں ممبر پنجاب بار کونسل چوہدری انور زاہد، صدر بار رائے عابد، جنرل سیکرٹری رائے شجر عباس، نائب صدر مرزا نواز بیگ و دیگر بھی ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

وکلاء کی جانب سے آر پی او کو ننکانہ آمد پر پھول پیش کیے گئے۔

پولیس اور وکلاء کے درمیان مشترکہ تعاون کو یقینی بنانے پر اظہار خیال کیا گیا۔ آر پی او نے اپنے دورہ کے صحافی برادری اور تاجر برادری سے بھی ملاقاتیں کیں اور پولیس کی طرف سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ آر پی او نے کہاکہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو انصاف کی منصفانہ فراہمی یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کے نظام میں تبدیلی لانے کے لیے موجودہ دور کے مطابق ٹیکنالوجی کا استعمال بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ میں خود اور میری رینج میں تینوں اضلاع کے ڈی پی اوز 24 گھنٹے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے مصروف عمل ہیں۔ کمپلین مینجمنٹ سسٹم سے تمام درخواستوں اور مقدمات کی تفصیلات موصول ہو جاتی ہیں۔