جاپانی قونصل جنرل کا ثریا الٰہ دین کے انتقال پر دُکھ کا اظہار

جمعرات 19 جون 2025 16:41

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2025ء)جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ ان کی اہلیہ خدیجہ ندیم اور پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز عالم شاہ نے تنظیم ادارہ بحالی مستحقین کی بانی چیئرپرسن،لیڈیز پردہ کلب کی جنرل سیکرٹری ،چلتن لائنز کلب کی صدراوربلوچستان ویمن ہاکی ایسوسی ایشن کی صدر مسز ثریا الٰہ دین(تمغہ امتیاز) کے انتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسز ثریا الٰہ دین نے اپنی زندگی دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کرنے کیلئے وقف کر رکھی تھی،مسز ثریا الٰہ دین پاکستان کی مدر ٹریسا تھیں ان کی وفات سے وطن عزیز ایک محب وطن اور عظیم خاتون سے محروم ہو گیا ہے۔

جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ ان کی اہلیہ خدیجہ ندیم اور پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ سید فیروز عالم شاہ نے ڈاکٹرسبین اور ڈاکٹر سمیرا سے ان کی والدہ محترمہ مسز ثریا الٰہ دین کے انتقال پرتعزیت کی اورسوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسز ثریا الٰہ دین (مرحومہ) کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے،اللہ پاک حضرت محمد ﷺ سے محبت اور عقیدت کو ان کا توشہ آخرت بنائیں اوراللہ تعالیٰ مسز ثریا الٰہ دین (مرحومہ) کے لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمائیں جبکہ اللہ ان لوگوں کے دلوں کو بھی صبر دیںجومسز ثریا الٰہ دین (مرحومہ) اور ان کے خاندان سے محبت کرتے ہیں کیونکہ دلوں کے زخم کو صبر اور دُعا کے مرہم سے ہی بھرا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ اوران کی اہلیہ خدیجہ ندیم نے کہا کہ مسز ثریا الٰہ دین (مرحومہ )نے اپنی زندگی دُکھی انسانیت اور وسائل سے محروم لوگوں کی بے لوث خدمت کیلئے وقف کر رکھی تھی ،انہوں نے زندگی بھر رنگ، نسل، علاقے، زبان اور فقہی مسلک اور مذہب کے امتیاز کے بغیر بے حسی اور نفسانفسی کے دور میںانسانیت کی خدمت کی شمع روشن کی ،مسز ثریا الٰہ دین غریب اور مستحق افراد کو طبی امداد فراہم کرنا،بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا، یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا اور سماجی مسائل کو حل کرنے میں کردار ادا کرتی تھیں،مسز ثریا الٰہ دین نے خدمت خلق کے شعبے میں گہرے نقوش چھوڑے ہیں ، بطور سماجی خدمتگار ان کی بے شمار اور بے مثال خدمات کو ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا ان کی وفات سے وطن عزیز کو نا قابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور پاکستانی معاشرہ ایک عظیم خاتون سے محروم ہو گیا ہے۔