نورالامین مینگل کا وارث روڈ واٹر ٹینک کا دورہ،سیفٹی اقدامات پر ہدایات جاری

جمعرات 19 جون 2025 17:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب نورالامین مینگل نے واسا لاہور کے زیر تعمیر وارث روڈ انڈر گراونڈ واٹر ٹینک کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران پراجیکٹ سائٹ پر سیفٹی وال نہ لگانے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے تمام ترقیاتی سائٹس پر فوری سیفٹی وال لگانے کی ہدایت جاری کی۔

سیکرٹری ہاوسنگ نے زور دیا کہ انسانی جان کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے سیکرٹری ہاوسنگ کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر نورالامین مینگل نے ہدایت کی کہ لاہور میں زیر تعمیر تمام انڈر گراونڈ واٹر ٹینکس کو مون سون سے قبل ہر صورت آپریشنل کیا جائے تاکہ شہریوں کو بارشوں کے دوران نکاسی آب کے مسائل سے نجات دلائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واسا لاہور کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران عوام کو درپیش مشکلات کو کم سے کم رکھنے کیلئے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ مزید برآں انہوں نے واسا کو 300 فریش انجینئرز کو انٹرن شپ پروگرام کے تحت پراجیکٹ سائٹس پر شامل کرنے کی ہدایت بھی دی تاکہ نوجوان انجینئرز کو عملی تجربہ حاصل ہو اور منصوبے میں اضافی افرادی قوت بھی شامل ہو۔

سیکرٹری ہاوسنگ نے واضح کیا کہ تمام پراجیکٹس سائٹس پر اب 24 گھنٹے تعمیراتی کام جاری رکھا جائے گا تاکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت کے مطابق عوامی مشکلات کے خاتمے کیلئے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو صاف،محفوظ اور سہولیات سے آراستہ شہری ماحول مہیا کیا جا سکے۔