بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے سیوریج کے پانی سے کاشت کی گئی مضر صحت سبزیوں کے خلاف کارروائیاں

جمعرات 19 جون 2025 21:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے سیوریج کے پانی سے کاشت کی گئی مضر صحت سبزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔تازہ ترین کارروائیوں کے دوران کوئٹہ کے علاقوں نوحصار اور سمنگلی میں کئی ایکڑ اراضی پر اگائی گئی زہریلی سبزیوں کی فصلیں تلف کر دی گئیں۔

(جاری ہے)

ان کھیتوں میں گندے نالوں کے پانی سے سیراب کی جانے والی بینگن، ٹماٹر، مرچ اور دھنیا جیسی سبزیاں تیار کی جا رہی تھیں جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دی گئیں ہیں۔

بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ان کارروائیوں کے دوران مقامی زمینداروں کی طرف سے بی ایف اے ٹیموں کو شدید مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا تاہم کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رکھا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے وقار خورشید عالم نے واضح کیا کہ عدالت عالیہ اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ پابندی کے تحت گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت ہرگز قابل قبول نہیں اور ایسے کسی اقدام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔