Live Updates

اسلحہ و شراب برآمدگی کیس ،علی امین گنڈاپورناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل

جمعرات 19 جون 2025 22:01

اسلحہ و شراب برآمدگی کیس ،علی امین گنڈاپورناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2025ء)اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے پیش ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری عدالت نے معطل کردیے۔جبکہ عدالت نے انھیں 342کے سوالنامہ کے جواب داخل کرانے کے لیے دوجولائی تک مہلت دے دی گئی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور کیخلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کے کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کی۔

علی امین گنڈاپور کی عدالت پیشی کے موقع پر ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جب کہ وزیراعلیٰ کا سکیورٹی اسکواڈ بھی کچہری پہنچا تھا۔بعد ازاں عدالت نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کردیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علی امین گنڈاپور عدالت کے سامنے پیش ہوئے، جہاں وکیل راجا ظہور الحسن نیعدالت کو بتایا کہ پشاور ہائیکورٹ نے 3 جولائی تک علی امین گنڈاپور کی ضمانت منظور کر رکھی ہے۔

وکیل نے استدعا کی کہ علی امین گنڈاپور کے عدالت پیش ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کیے جائیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ 342 کے سوال نامہ کے جواب جمع کروا دیں، کب تک جواب جمع کروائیں گی ، جس پر علی امین گنڈاپور کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ خیبر پختون خوا کے بجٹ کے بعد جواب عدالت میں جمع کروا دیں گے۔عدالت نے کیس کی سماعت 2 جولائی تک ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بہارہ کہو میں اسلحہ اور شراب برآمدگی کا کیس درج ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات