ایران سے واپس جانیوالے سفارتی ہدایات پرعملدرآمد یقینی بنائیں‘ پاکستانی سفیر

جمعرات 19 جون 2025 22:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2025ء)ایران سے پاکستان روانہ ہونے والے شہریوں کے لیے پاکستانی سفیر برائے ایران مدثر ٹیپو نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام پاکستانی شہری سفر سے قبل احتیاط برتیں اور متعلقہ حکام کو اپنی سفری معلومات بروقت فراہم کریں۔

(جاری ہے)

سفیر مدثر ٹیپو کا کہنا تھا کہ پاک ایران بارڈر عبور کرنے والے افراد اگر پیشگی اطلاع دے دیں تو بارڈر کلیئرنس میں آسانی ہوتی ہے اور غیر ضروری پیچیدگیوں سے بچا جا سکتا ہے، شہری بروقت رابطے کے ذریعے اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

مدثر ٹیپو نے کہا کہ پاکستان کے شہری ایران میں موجود پاکستانی سفارتخانے (مشہد و زاہدان) یا سفارتکاروں سے براہِ راست یا ٹوئٹر کے ذریعے رابطہ کریں تاکہ ہر ممکن مدد فراہم کی جا سکے، انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ سفارتخانے اور قونصل خانے 24/7 شہریوں کی معاونت کے لیے تیار ہیں۔پاکستانی سفیر نے مزید کہا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے محتاط اور ذمہ دارانہ رویہ اپنانا ناگزیر ہے تاکہ تمام پاکستانی محفوظ طریقے سے اپنے وطن واپس پہنچ سکیں۔