امریکانے سٹوڈنٹ ویزا بحال کر دیا، سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی کا مطالبہ

جمعہ 20 جون 2025 08:50

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) امریکا کے محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ غیرملکی طلبا کے لیے ویزوں کو بحال کیا جا رہا ہے تاہم تمام درخواست گزاروں کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی دینا ہوگی۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ قونصلر افسران ایسی پوسٹس یا پیغامات پر نظر رکھیں گے جو امریکہ، اس کی حکومت، ثقافت، اداروں یا بانی اصولوں کی مخالف ہوں۔

محکمہ خارجہ نے اپنے حالیہ پیغام میں کہا کہ مئی میں معطل کیے گئے سٹوڈنٹ ویزوں کو دوبارہ بحال کر دیا ہے تاہم نئے درخواست گزار جو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ’پبلک‘ کرنے سے انکار کریں گے، ان کا ویزا مسترد ہو سکتا ہے۔بیان کے مطابق اکاؤنٹس تک رسائی دینے سے انکار کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ وہ اپنی آن لائن سرگرمیاں پوشیدہ رکھنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ ماہ غیر ملکی طلبا کے ویزا انٹرویو عارضی طور پر معطل کر دیے تھے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے 36 ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے مسافروں کی چھان بین کے نظام کو بہتر کریں اور یا پھر اپنے شہریوں کے امریکہ داخلے پر پابندی کا سامنا کریں۔محکمہ خارجہ کی جانب سے بھیجے گئے مراسلے میں تمام ممالک کو امریکی خدشات سے نمٹنے کے لیے 6 دن کا وقت دیا گیا ہے ورنہ سفری پابندیوں عائد کی جائیں گی۔