پشاور، جنوبی وزیرستان لوئرمیں احمد زئی وزیرقبائل کا اہم جرگہ، چیک ڈیمزکی تعمیرمیں بھرپورتعاون کا اعلان

جمعہ 20 جون 2025 15:53

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) جنوبی وزیرستان لوئرمیں وانا ویلفیئرایسوسی ایشن (واوا) کے زیرِاہتمام احمد زئی وزیر قبائل کا ایک اہم جرگہ ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا میں منعقد ہوا، جرگے کا مقصد مقامی ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص چیک ڈیمزکی تعمیرسے متعلق قبائلی حمایت کو مستحکم بنانا، پانی کی قلت پرقابو پانا اورپانچ منظورشدہ چیک ڈیمزکے حق میں قبائلی رائے عامہ کو ہموار کرنا تھا، احمد زائی وزیر قبائل جرگے میں قبائلی عمائدین، علمائے کرام، وکلاء، سیاسی و سماجی شخصیات اور تاجر برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء میں ملک طارق خان، ملک جمیل، ملک سیف اللہ، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیف الرحمان وزیر، اورمولانا محمود عالم وزیر شامل تھے ، شرکاء نے متفقہ طورپراعلان کیا کہ جنوبی وزیرستان لوئرمیں پانچ منظورشدہ چیک ڈیمزکی بروقت اورمعیاری تعمیرمیں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہونے دی جائے گی، جرگے میں اس بات پرزور دیا گیا کہ کسی بھی ٹھیکیدارسے کمیشن طلب نہیں کیا جائے گا اورتعمیراتی عمل میں بلاوجہ مداخلت نہیں کی جائے گی، منصوبے پرکام کرنے والے عملے اورانجینئرنگ سٹاف کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، جرگے کے دوران وانا ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدررحمت اللہ وزیر نے شرکاء کو منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پانچ چیک ڈیمز کی تعمیر تحصیل برمل کے علاقہ زالئی کے پانچ مختلف مقامات پرکی جائے گی، ان منصوبوں کے لیے صوبائی حکومت اوربالخصوص چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی خصوصی دلچسپی سے ایک ارب روپے کی لاگت کی منظوری دی گئی ہے، تعمیراتی کام جلد شروع کیا جائے گا، اور منصوبے معیاری، شفاف اور پائیدار انداز میں مکمل کیے جائیں گے، صدر واوا نے واضح کیا کہ علاقے میں پانی کی سطح میں مسلسل کمی ایک بڑا مسئلہ بنتی جا رہی ہے، اس کا اثر نہ صرف باغات اورزرعی زمینوں پر پڑ رہا ہے بلکہ عام شہریوں کو بھی پانی کی قلت کے باعث روزمرہ زندگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ واوا کی تحقیق کے مطابق وانا کے مختلف علاقوں میں 46 فزیبل سائیٹس موجود ہیں جہاں مستقبل میں مزید چیک ڈیمز تعمیر کیے جا سکتے ہیں، ان مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور منصوبہ بندی کے مراحل میں شامل کیا گیا ہے۔