لیگز اہم ہیں لیکن نیشنل ڈیوٹی کو ترجیح دیتا ہوں : محمد حارث کا بگ بیش لیگ کیلئے سلیکشن نہ ہونے پر ردعمل

میں چوکوں چھکوں کے لیے مشہور ہوں، اب سنگلز ڈبلز پر بھی کام کر رہا ہوں، بیٹ سپیڈ، پاور ہٹنگ پر کام کر رہے ہیں کیونکہ یہ آج کل بہت اہم ہے : وکٹ کیپر بیٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 20 جون 2025 17:17

لیگز اہم ہیں لیکن نیشنل ڈیوٹی کو ترجیح دیتا ہوں : محمد حارث کا بگ بیش ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جون 2025ء ) پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد حارث نے بگ بیش لیگ (بی بی ایل) 15 کے ڈرافٹ میں نظر انداز کیے جانے کے بعد اپنی خاموشی توڑ دی ہے جہاں انہیں آئندہ ایڈیشن کے لیے کسی فرنچائز نے منتخب نہیں کیا تھا۔
نوجوان ٹاپ آرڈر بلے باز مذکورہ ڈرافٹ کے لیے رجسٹرڈ 74 پاکستانی کھلاڑیوں میں شامل تھے جن میں سے سات کرکٹرز نے اپنی اپنی فرنچائز ٹیموں میں جگہ بنائی۔

میڈیا بات چیت کے دوران بات کرتے ہوئے محمد حارث نے اس طرح کی لیگز کی اہمیت کو تسلیم کیا لیکن قومی ٹیم کی نمائندگی کے لیے اپنی موجودہ وابستگی پر زور دیا۔
محمد حارث نے کہا کہ اسکلز کیمپ اپنی غلطیوں کو دور کرنے کے لیے بہت اچھا ہے، ہمیں کوچز نے جو چیزیں بتائی ہیں اس پر کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

 

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے محمد حارث نے کہا کہ میں خود پر کام کر رہا ہوں اور گیم سے آگاہی کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہوں، آخری سیریز میں سب نے دیکھا مجھ میں کتنی گیم سے آگاہی ہے۔

 
محمد حارث نے کہا کہ سارے کیمپس مختلف ہوتے ہیں، اس کیمپس میں زیادہ کام پلیئر کی خامیوں پر ہو رہا ہے، صورتحال کے مطابق ہر کھلاڑی کے کھیلنے کی ضرورت رہتی ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ اس وقت میں اپنے ڈیفنس پر زیادہ کام کرنے کی کوشش کر رہا ہوں، میں چوکوں چھکوں کے لیے مشہور ہوں اب سنگلز ڈبلز پر بھی کام کر رہا ہوں، بیٹ اسپیڈ اور پاور ہٹنگ پر کام کر رہے ہیں کیونکہ یہ آج کل بہت اہم ہے۔

 
محمد حارث کا کہنا ہے کہ میری خود کی بھی خواہش ہے کہ ریڈ بال کرکٹ بھی کھیلوں، ڈومیسٹک سیزن میں ریڈ بال کھیلا ہوں اور آگے بھی یہی کوشش ہے کہ اچھا کروں اور ریڈ بال ٹیم میں بھی آوں، کپتانی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ 
دائیں ہاتھ کے بلے باز نے کہا کہ بگ بیش لیگ بہت بڑی ہے، پلیئرز کو نیک خواہشات ہیں، میرا فوکس اس وقت نیشنل ڈیوٹی پر ہے لیگز کا موقع ملتا رہتا ہے جب مکمل دستیاب ہوں گا تو کھیلوں گا۔