Live Updates

ہزاروں نوجوان کرکٹرز کی خیبرپختونخوا میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام قلندرز ٹیلنٹ ہنٹ میں بھرپور شرکت

جمعہ 19 ستمبر 2025 17:11

ہزاروں نوجوان کرکٹرز کی خیبرپختونخوا میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام قلندرز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور لاہور قلندرز کے اشتراک سے منعقد ہونے والا کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کے شاندار جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے جہاں کوہاٹ، ایبٹ آباد اور پشاور میں لگاتار ٹرائلز منعقد کیے گئے۔ان تقریبات میں ہزاروں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بھرپور توانائی اور ولولے کے ساتھ شریک ہوئے، جن کے دل پاکستان کی نمائندگی کے خوابوں سے روشن تھے۔

یہ ملک گیر منصوبہ، جس کا مقصد کرکٹ کے اگلے نسل کے ہیروز تلاش کرنا ہے، ہر شہر میں غیر معمولی کامیابی حاصل کر رہا ہے۔ کوہاٹ، ایبٹ آباد اور پشاور میں نوجوان کھلاڑیوں نے شاندار جذبہ، نظم و ضبط اور لگن کا مظاہرہ کر کے صوبے کی گہری کرکٹ روایت کو مزید اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

لاہور قلندرز کے پروفیشنل سیٹ اپ اور تکنیکی معاونت نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بھرپور موقع فراہم کیا، جس سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا اور انہیں یقین دلایا کہ ان کی محنت اور ٹیلنٹ کو اعلیٰ سطح پر سراہا جائے گا۔

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے کہاکہ یہ پورا سفر صرف وزیر اعظم محمد شہباز شریف ، رانا مشہود اور ایچ ای سی کے غیر معمولی تعاون کی بدولت ممکن ہوا ہے۔ ان کی نوجوانوں اور خواتین کی کرکٹ کے لیے خدمات لائقِ تحسین ہیں۔ میں پاکستانی نوجوانوں کا بھی تہہ دل سے شکر گزار ہوں جنہوں نے بڑی تعداد میں آ کر ان ٹرائلز کو کرکٹ اور امید کا تہوار بنا دیا۔

ان کا جوش ہمیں یقین دلاتا ہے کہ پاکستان کا کرکٹ مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔"نوجوان کھلاڑیوں نے بھی اس اقدام کو سراہا اور وزیر اعظم، PMYP اور لاہور قلندرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس شاندار پلیٹ فارم نے انہیں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے اور بڑے مواقع تک رسائی حاصل کرنے کا منفرد موقع فراہم کیا۔ کئی نوجوانوں نے امید ظاہر کی کہ یہ اقدام ان کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر دروازے کھولے گا۔

خیبرپختونخوا میں ملنے والا شاندار ردعمل اس بات کا ثبوت ہے کہ PMYP اور لاہور قلندرز کا یہ تاریخی اشتراک پاکستانی کرکٹ کے مستقبل کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ ٹرائلز کا اگلا مرحلہ سوات، مردان، مظفرآباد اور گلگت میں ہوگا، جہاں مزید بڑی تعداد میں نوجوانوں کی شرکت اور جوش و خروش متوقع ہے۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات