سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا غیر قانونی جمعہ بازار کے خلاف کریک ڈاؤن،درجنوں گاڑیاں تھانوں میں بند

جمعہ 20 جون 2025 18:06

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے مری روڈ پر غیر قانونی جمعہ بازار کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے درجنوں گاڑیاں تھانوں میں بند کر کے بھاری جرمانہ عائد کیا۔ سی ٹی پی ترجمان کے مطابق مری روڈ پر جمعہ بازار بغیر کسی قانونی اجازت کے لگایا جاتا ہے جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ ارد گرد کے رہائشی علاقوں میں بھی مسائل جنم لیتے ہیں۔

یہ بازار سڑک کے کنارے لگایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں طرف گاڑیاں اور لوگوں کا رش بڑھ جاتا ہے اور اس سے شہریوں کے لیے سفر کرنا مزید مشکل ہو جاتا ہے ، سٹی ٹریفک پولیس نے اس غیر قانونی کاروباری سرگرمی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی کی ، اس کارروائی میں گاڑیوں کو ضبط کیا گیا اور غیر قانونی طور پر جمعہ بازار میں شامل ہونے والے ڈرائیورز کو جرمانہ بھی کیا گیا ، ان ڈرائیورز کو سختی سے خبردار کیا گیا کہ آئندہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں، بصورت دیگر مزید سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

سی ٹی او بینش فاطمہ نے کہاکہ اس غیر قانونی جمعہ بازار سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ مقامی شہریوں کو بھی بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کی جا رہی ہے تاکہ ان کی مشکلات کو کم کیا جا سکے اور مری روڈ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔سی ٹی او راولپنڈی نے یہ بھی واضح کیا کہ اس کارروائی کا مقصد غیر قانونی اجتماعات اور کاروباری سرگرمیوں کو روکنا ہے تاکہ شہریوں کو بلا رکاوٹ سفر کی سہولت مل سکے ۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور کسی کو بھی شہر کی سڑکوں پر غیر قانونی طور پر کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کی یہ کارروائی عوام کی مشکلات کو کم کرنے، ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور شہر کے رہائشی علاقوں میں امن و سکون کو قائم رکھنے کے لیے کی جا رہی ہے۔