Live Updates

غزہ میں انسانی بحران شدید، 5ہزار بچے غذائی قلت کا شکار

فوری مدد نہ ملی تو شدید غذائی قلت کے کیسز بڑھ سکتے ہیں،یونیسف

جمعہ 20 جون 2025 19:29

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جون2025ء)غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر گیا، مئی میں 5 ہزار 119 بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہوئے، یونیسیف نے اسرائیل سے فوری امداد کیلیے راستے کھولنے کی اپیل کردی۔میڈیارپورٹس میں کہاگیاکہ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسرائیل کی غزہ میں خوارک کی فراہمی پر پابندی جاری ہے، غزہ میں غذائی قلت کا شکار فلسطینی معصوم بچوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔

یونیسیف کے مطابق مئی میں 6 ماہ سے 5 سال تک کے 5 ہزار 119 بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہوئے، بچوں کو علاج کیلیے داخل کیا گیا مگر ادویات بھی میسر نہیں تھیں، اپریل میں غذائی قلت کے شکار بچوں کی تعداد 3 ہزار 444 تھی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ فوری مدد نہ ملی تو شدید غذائی قلت کے کیسز بڑھ سکتے ہیں، غذائی قلت کے شکار بچوں کے لیے خوراک اور ادویات دستیاب نہیں، اسرائیلی حملوں کی وجہ سے پانی، صحت اور صفائی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

یونیسیف کے مطابق غزہ کے 236 میں سے صرف 127 سینٹرز علاج کے لیے کام کر رہے ہیں، غزہ میں صاف پانی کی فراہمی نہ ہونے سے بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں، ہیپاٹائٹس اے اور ڈائریا کے کیسز بچوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں، ایندھن کی کمی سے علاج کے لیے ضروری خدمات بند ہونے کا خدشہ ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات