وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز میں خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹر زاور فزیوتھراپسٹ کے اعزاز میں تقریب

ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے فزیوتھراپسٹ کی دوران گیمز خدمات کو سراہا اور تعریفی سرٹیفکیٹس بھی دیئے

جمعہ 20 جون 2025 22:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جون2025ء) ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز میں خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹر اور فزیوتھراپسٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جمعتہ المبارک کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونیوالی تقریب میں فزیوتھراپسٹ کی دوران گیمز خدمات کو سراہا گیا ہے، ڈی جی سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے ڈاکٹر عمار حمید کی سربراہی میں تمام 73فزیوتھراپسٹ کو تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے، تقریب میں ڈائریکٹرایڈمن ڈاکٹر محمد کلیم اور ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم ودیگر نے بھی شرکت کی ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تما م فزیوتھراپسٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب سمرگیمز میں بہترین کام کیا ہے،فزیوتھراپسٹ ٹیم نے کھلاڑیوں کو فوری ریلیف دیا ہے ،کھلاڑیوں کو دوران گیمز ہونیوالی انجریز پر قابو پانے کیلئے فزیوتھراپسٹ نے اہم کردار ادا کیا ہے، فزیوتھراپسٹ ٹیم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، جہنوں نے اپنے فرائض خوش اسلوبی سے ادا کئے۔